حکمران ہزاروں شیعوں کی ٹارگٹ کلنگ کا جواب دیں، ڈاکٹر طاہرالقادری


حکمران ہزاروں شیعوں کی ٹارگٹ کلنگ کا جواب دیں، ڈاکٹر طاہرالقادری

عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں کی 53 روزہ قانونی اور جائز احتجاج پر حکمرانوں کا ٹس سے مس نہ ہونا بے حسی کی انتہا ہے جبکہ حکومت کو ہزاروں شیعوں کے قتل عام کا جواب دینا ہوگا

تسنیم نیوز ایجنسی: خبررساں ایجنسی ایم ڈبلیو ایم پاک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے لاہور میں پاکستان کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے نڈر اور بے باک رہنما علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور دیگر کارکنوں کے آئینی، قانونی اور جائز احتجاج کو 53روز گزر گئے ہیں لیکن ابھی تک کوئی حکومتی کارندہ ٹس سے مس نہیں ہوا، جو بے حسی کی انتہا ہے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستان کے کرپٹ حکمرانوں کے نزدیک مظالم کے شکار عوام کے احتجاج کی کوئی وقعت نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام جب تک اپنے مقتولوں کی لاشیں اٹھا کر حکمرانوں کے گھروں یا پارلیمنٹ کے باہر دھرنے نہ دیں، ایف آئی آر تک درج نہیں ہوتی۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ اس ظلم کے نظام نے کمزور کو انصاف سے محروم کر رکھا ہے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ دہشتگردوں کے ہمدرد موجودہ حکمرانوں نے قومی ایکشن پلان کی روح کو ختم کر دیا ہے اور سیاسی مخالفین کو مارا جا رہا ہے۔

انہوں نے توضیح دی کہ یہی باتیں مجلس وحدت مسلمین کی قیادت بھی کر رہی ہے اور ہم ان کے موقف کی مکمل تائید اور حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمران جواب دیں کہ 2010ء سے 2016ء کے درمیان شیعہ کمیونٹی کے 34 سو سے زائد افراد کی ٹارگٹ کلنگ کیوں ہوئی؟ جبکہ اس قتل و غارت گری کے منصوبہ سازوں اور ذمہ داروں میں سے ابھی تک ایک بھی گرفتار نہیں ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں نے پارہ چنار میں شیعہ کمیونٹی کے افراد کی جائیدادوں پر قبضے کی جو بات کی ہے، اس کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے۔

عوامی تحریک کے سربراہ نے مطالبہ کیا کہ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں کے اصولی اور جائز مطالبات پورے کئے جائیں.

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری