ہم مجلس وحدت مسلمین کے دست و بازو ہیں، علامہ طاہرالقادری


ہم مجلس وحدت مسلمین کے دست و بازو ہیں، علامہ طاہرالقادری

تحریک منہاج القرآن کے سربراہ علامہ طاہرالقادری نے ایم ڈبلیو ایم کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں میڈیا کے نمائندوں اورشرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مجلس وحدت مسلمین کے دست و بازو ہیں۔ہمیں جہاں پکارا جائے گا ہم وہیں اپنی پوری تحریک کے ہمراہ ایم ڈبلیو ایم کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے

تسنیم نیوز ایجنسی: تحریک منہاج القرآن کے سربراہ علامہ طاہر القادری نے اپنے اعلی سطح وفد اور کثیر تعداد کارکنوں کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ایم ڈبلیو ایم کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں ملاقات کی ۔

میڈیا کے نمائندوں اورشرکا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ طاہر القادری نے کہا کہ پاکستان میں جاری دہشت گردی میں موجود حکمران فریق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت دہشت گردوں کو وسائل اور معاونت فراہم کرتی ہے۔پاکستان میں موجود ایک مخصوص مسلک کے باصلاحیت افراد کی صرف اس لیے مسلسل ٹارگٹ کلنگ کی جار ہی ہے کہ حکمرانوں کو ان سے اختلاف ہے۔

ڈاکٹر قادری نے واضح کیا کہ پاکستان کے حکمران فرعونیت، قارونیت اور یزیدیت جیسی تین صفات کا مجموعہ ہیں۔ پاکستان میں عدل و انصاف کے پرخچے اڑائے جا رہے ہیں۔ملک کے با اختیار اداروں کو چاہیے کہ وہ عوام پر ہونے والی اس حکومتی ظلم و بربریت کا نوٹس لیں۔

عوامی تحریک کے سربراہ نے خبردار کیا کہ اگر پاکستان کے مظلوموں کی آواز نہ سنی گئی تو وطن عزیز کی بقا و سالمیت خطرے میں پڑ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین عشروں سے ملک فرقہ واریت کی لپٹ میں ہے۔خطے میں فرقہ وارانہ قتل سے شروع ہونے والے اس فضا نے دہشت گردی کی شکل اختیار کر کے پوری امت مسلمہ کومنتشر اور بدامنی کا شکار کر رکھا ہے۔

تحریک منہاج القرآن کے سربراہ نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے تمام مطالبات کی مکمل تائید کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملت تشیع کے رہنما کی بھوک ہڑتال کو دو ماہ مکمل ہو گئے ہیں اور حکمران شرمناک بے حسی کامظاہرہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ ہم مجلس وحدت مسلمین کے دست و بازو ہیں۔ہمیں جہاں پکارا جائے گا ہم وہیں اپنی پوری تحریک کے ہمراہ ایم ڈبلیو ایم کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔

علامہ ناصر عباس نے علامہ ڈاکٹر طاہر القادری، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اور دیگر شخصیات کا ہڑتالی کیمپ آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم ظالم حکمرانوں کے خلاف یہاں گزشتہ دو ماہ سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ہمارا احتجاج پاکستان کی بیس کروڑ مظلوم عوام کے لیے ہے۔ہمارے حکمران بے حس ہیں ۔

اس موقعہ پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ علامہ ناصر عباس جعفری کی اس ملک کو ضرورت ہے۔ ہم ان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنی بھوک ہڑتال کو ختم کریں۔ ہمارے حکمران بے حس ، ظالم اور اخلاقیات سے عاری ہیں۔وہ مہذب احتجاج کی زبان نہیں سمجھتے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دو ماہ پہلے پاراچنار میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فائرنگ میں شہید ہونے والوں کی وجہ سے اسلام آباد میں بھوک ہڑتال کا اعلان کیا تھا اور تاکید کی تھی کہ مطالبات تسلیم نہ ہونے تک جدوجہد جاری رہے گی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری