ترک حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش، "انقرہ میں خون ہی خون" + تصاویر


ترک حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش، "انقرہ میں خون ہی خون" + تصاویر

"ترکی میں فوجی بغاوت", ملک میں کرفیو کا سماں، ہرطرف خوف و ہراس ، لوگ گھروں میں محصور ہو کررہ گئے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے  مطابق، ترک فوج کے ایک گروہ کی طرف سے ملک کی جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں جبکہ صدر اردگان نے نامعلوم مقام سے سی این این ترک نیوز ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغاوت کی کوشش ناکام بنا دی جائے گی۔

ترک فوج نے ملک بھر میں کرفیو نافذ کر دیا ہے جبکہ انقرہ میں فوجی ٹینک سڑکوں پر آ چکے ہیں اور انقرہ میں فوجی طیارے نیچی پروازیں کر رہے ہیں۔

خبر رساں اداروں کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ترکی کے قومی نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی پر ایک نیوز کاسٹر نے فوج کا بیان سنایا ہے کہ ملک بھر میں غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔

ترک میڈیا نے مختلف واقعات میں کم از کم 90 افراد کے مارے جانے کی خبر دی ہے جبکہ مختلف واقعات میں 1000 سے زائد افراد زخمی بھی ہو گئے ہیں۔

ترکی میں رونما ہونے والے اس غیر معمولی واقعے پر عالمی برادری نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ ترک فوج کے اندر ایک گروہ نے جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار سنبھال لیا ہے تاہم ابھی تک ان خبروں کی مکمل طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

دوسری طرف ترک صدر رجب طیب اردگان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوج کے ایک گروہ کی طرف سے بغاوت کی کوشش کے خلاف احتجاجی طور پر سڑکوں پر نکل آئیں۔

اردگان نے اس عہد کا اظہار کیا ہے کہ وہ اس صورتحال پر قابو پانے کے لیے ممکنہ اقدامات کریں گے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بغاوت کی کوششیں ناکام ہو جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ وہ اب بھی ملک کے صدر اور کمانڈر ان چیف ہے۔

اردگان نے مزید کہا کہ بغاوت کی کوشش کرنے والوں کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

اردگان نے موبائل فون سے فیس ٹائم کے ذریعے سی این این ترک نیوز ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فوجی بغاوت کو ناکام بنانے کے لیے عوام کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بغاوت کی یہ کوشش مختصر وقت میں ہی ناکام بنا دی جائے گی۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری