نواز شریف: کشمیر کے معاملے میں پاکستان ایک فریق کی حیثیت رکھتا ہے


نواز شریف: کشمیر کے معاملے میں پاکستان ایک فریق کی حیثیت رکھتا ہے

وزیر اعظم پاکستان نے مقبوضہ وادی میں مسلسل جاری بھارتی فوج کی سفاک کاروائیوں کے خلاف ملک بھر میں "یوم سیاہ" کے موقع پر واضح کیا کہ پاکستان خود مسئلہ کشمیر کا ایک فریق ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بھارت لاکھ کوشش کر لے مگر مسئلہ کشمیر عالمی برادری کی نظروں سے اوجھل نہیں رہ سکتا۔

انہوں نے تاکید کی کہ پاکستان خود مسئلہ کشمیر کا ایک فریق ہے۔

وزیراعظم نواز شریف کا بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے کہ مقبوضہ وادی میں مسلسل جاری بھارتی فوج کی سفاک کاروائیوں کے خلاف آج ملک بھر میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔

آزاد کشمیر سمیت پاکستان بھر میں دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کرانے کے لئے احتجاج اور ریلیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

تمام وفاقی اور صوبائی اہلکاروں نے کشمیری شہریوں سے سیاسی، سماجی اور سفارتی یکجہتی کے اظہار کے لئے دفاتر میں دوران ڈیوٹی بازو پر سیاہ پٹیاں باندھیں۔

نماز ظہر کے بعد کشمیر کے شہداء کے لئے فاتحہ خوانی اور  خصوصی دعاوں کا بھی انعقاد کیا  گیا۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق، اسی حوالے سے وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی سخت مذمت کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ  نہتے کشمیریوں کے قتل عام، انسانی حقوق کی کھلے عام خلاف ورزی ، خواتین پر بہیمانہ تشدد اور بچوں کی بینائی سے محرومی جیسے واقعات انسانیت کے منہ پر طمانچے ہیں۔ بھارت نے مقبوضہ وادی میں  بنیادی انسانی حقوق کو بری طرح پامال کرکے ظلم کی تمام حدیں پار کر لی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی مفاد اور ریاستی حکمت عملی کے پردے میں بھارت کو انسانیت سوز مظالم کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جا سکتی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ بھارت لاکھ کوشش کر لے مگر اب مسئلہ کشمیر کو عالمی برادری کی نظروں سے اوجھل نہیں رکھ سکتا۔ مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کی درندگی کی داستان آج ہر ایک کی زبان پر ہے۔ دنیا کے سامنے بھارتی سیکولرزم کا مکروہ چہرہ بےنقاب ہو چکا ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ بھارت کا یہ موقف بے بنیاد ہے کہ کشمیر اس کا داخلی مسئلہ ہے جبکہ کشمیر کے مسئلے میں پاکستان ایک فریق ہے اور اقوام متحدہ نے بھی اس کی تائید کی ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری