پاکستانی سیاست سے متعلق اہم فیصلے آج دبئی میں متوقع


پاکستانی سیاست سے متعلق اہم فیصلے آج دبئی میں متوقع

رینجرز اختیارات کے بارے میں گفتگو کرنے کے لئے سندھ کے وزیر اعلی قائم علی شاہ دبئی پہنچ گئے ہیں جبکہ وزیر خزانہ بھی سیاسی مفاہمت کی خاطر زرداری سے ملاقات کرینگے

تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان برف  پگھلنے کی امید کی جارہی ہے جس کے لئے  وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی دبئی پہنچ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، پاکستان پیپلز پارٹی کےشریک چیئرمین آصف علی زرداری  نے سندھ میں رینجرز اختیارات کی توسیع کے فیصلہ کے حوالے سے دوبئی میں پارٹی کی اعلی قیادت کا اجلاس طلب کیا ہے۔ 

اس سلسلے میں وزیر اعلی قائم علی شاہ دبئی جا چکے ہیں جبکہ پارٹی کے دیگر ارکان   پہلے ہی سے دبئی میں موجود ہیں۔

واضح رہے کہ رینجرز کو چھاپوں اور گرفتاریوں سے متعلق دیے گیے  خصوصی اختیارات کی  مدت 19جولائی کو ختم ہو چکی ہے۔   

پی پی حکومت کے لئے یہ صورتحال زیادہ نازک اس لئے بھی ہے کہ اگر رینجرز کو پورے سندھ میں پولیس کے اختیارات دے دئے جاتے ہیں تو وہ انہی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنماوں پر بھی ہاتھ ڈال سکتی ہے۔ 

شاید اسی” خطرے“ کے پیش نظر پچھلی بار بھی رینجرز کو 77روز کے لیے جو خصوصی اختیارات دیے گیے تھے وہ پورے سندھ کے لیے نہیں بلکہ فقط کراچی ڈویژن کے لیے تھے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ بھی  سابق صدر آصف علی زرداری  سے ملاقات کے لئے دبئی پہنچ چکے ہیں۔ اس خصوصی ملاقات میں مصالحت اور مفاہمت کے ایک نئے باب کے آغاز کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق، وزیر خزانہ آصف زرداری کو نہ صرف وزیر اعظم کا خصوصی پیغام پہنچائیں گے بلکہ جمہوریت کے گرو سے حکومت کو لاحق ممکنہ خطروں سے نمٹنے کے لئے بھی قیمتی مشورے لیں گے۔

واضح رہے کہ قائم علی شاہ سمیت پیپلز پارٹی کے کئی اہم وزرا پہلے سے ہی سندھ میں رینجرز اختیارات کی توسیع کے  بارے میں فیصلہ کرنے کے لئے دبئی میں موجود ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ نواز حکومتی نمائندہ کی پی پی شریک چیئرمین سے یہ ملاقات تب ہونے جا رہی ہے جب صرف چند روز قبل پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری  اپنے ایک بیان میں نواز حکومت کی بنیادیں ہلانے کے لئے پاکستان تحریک انصاف  سے ملنے کا واضح اشارہ دے چکے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری