شمخانی: مستحکم پاکستان ہی ایران کے مفاد میں ہے


شمخانی: مستحکم پاکستان ہی ایران کے مفاد میں ہے

ایران اور پاکستان کی قومی سلامتی کونسلز کے سربراہوں کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور میں دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون اور مشترکہ ترقی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے علاوہ مختلف مسائل موضوع بحث رہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی شمخانی نے پاک ایران مشترکہ مسائل اور مشکلات من جملہ بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات اور اس کی روک تھام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے سلامتی کونسلز نے تمام شعبوں میں علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لیے وسائل فراہم کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، ایک مستحکم اور ترقی یافتہ پاکستان کو ہی اپنے مفاد میں سمجھتا ہے اور اس ملک کے استحکام اور ترقی کے لئے ہر قسم کی کوششوں سے دریغ نہیں کریگا۔

دریں اثنا، پاکستان کے وزیراعظم کے مشیر ناصر خان جنجوعہ نے کہا کہ دونوں ملکوں کو دوطرفہ تعاون کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے مشترکہ کوششوں اور دو طرفہ تعاون کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے دہشت گردی کے مسائل پربات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے بر سر پیکار ہے اور اس سلسے میں پاکستان نے ہمیشہ ایران کے تعاون کا خیر مقدم کیا ہے۔

ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب سے پہلی ملاقات کے دوران واضح کیا تھا کہ کچھ ممالک ہتھیاروں اور کرائے کے دہشت گردوں کے ذریعے پاک ایران تعلقات خراب کرانا چاہتے ہیں لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری