لنڈی کوتل؛ گاڑی میں سوار 21 باراتی سیلابی ریلے میں ڈوب کر ہلاک


لنڈی کوتل؛ گاڑی میں سوار 21 باراتی سیلابی ریلے میں ڈوب کر ہلاک

وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے فاٹا کی خیبر ایجنسی میں باراتیوں کی گاڑی سیلابی ریلے میں بہنے سے 21 افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے ہیں۔

تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، گاڑی میں 20 سے 25 افراد سوار تھے، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے تھے۔

ڈان نیوز کے مطابق، خیبر ایجنسی کی تحصیل لنڈی کوتل کے دور افتادہ علاقے زخہ خیل بازار میں سیلابی ریلے میں گاڑی بہہ جانے سے ڈوبنے والے 21 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں، جبکہ مزید افراد کو تلاش کیا جارہا ہے۔

خیبر ایجنسی کی پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق باراتیوں کی گاڑی کھڑا میلا سے جمال خیل جا رہی تھی.

گاڑی میں سوار افراد کا تعلق قریبی علاقے سے بتایا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق خاصہ دار اور لیویز اہلکاروں سمیت پولیٹیکل انتظامیہ بھی ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہی ہے تاہم پہاڑی علاقہ ہونے کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کے صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث یہاں کاروبار زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

ادھر محکمہ موسمیات نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری