مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی جیت اور ہندوستان کی ہار ہوگی، سرتاج عزیز


مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی جیت اور ہندوستان کی ہار ہوگی، سرتاج عزیز

مشیر خارجہ "سرتاج عزیز" نے تاکید کی ہے کہ پاکستان سیاسی، سفارتی اور اخلاقی طور پر کشمیریوں کی تحریک آزادی کی حمایت جاری رکھے گا اور مسئلہ کشمیر پر بھارت کو ضرور شکست ہوگی۔

تنسنیم خبر رساں ادارے نے  پاکستانی ذرائع سے نقل کیا ہے کہ مشیر خارجہ ''سرتاج عزیز'' نے قومی اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے تحریک التواء پر حکومتی پالیسی پر بیان دیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بین الاقوامی اور انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے اس مسئلے کو اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل اور اسلامی سربراہی تنظیم (او آئی سی) سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر اٹھایا ہے جبکہ بیرون ملک تعینات تمام سفراء بھی اس معاملے کو بین الاقوامی سطح پر اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نواز شریف مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف اور وہاں کی صورتحال پر سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کو بہت جلد خط بھیجیں گے جس میں پیلٹس گن کے بے دردانہ استعمال کو روکنے سمیت مقبوضہ وادی کے دورے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

تحریک آزادی پر بیرونی حمایت کا بھارتی پروپیگنڈا گمراہ کن قرار دیتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ کشمیر میں تحریک آزادی کشمیریوں کی اپنی ہی تحریک اورجدوجہد ہے جس کیلئے باہر سے کوئی سپورٹ حاصل نہیں ہے وہ جو کچھ بھی کررہے ہیں اپنی مدد آپ کے تحت کررہے ہیں۔

سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ آزادی کی تحریک کو دہشت گردی سے تعبیر نہیں کیا جاسکتا، طاقت کے زور پر تحریک آزادی کو دبانے کا بھارتی خیال اس ملک کے حکام کی ایک بھول ہے۔

انہوں نے تاکید کی کہ پاکستان سیاسی، سفارتی اور اخلاقی طور پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھے گا اور مسئلہ کشمیر پر بھارت کو ضرور شکست ہوگی۔

یاد رہے کہ عرصہ پہلے مقبوضہ کشمیر میں وہاں کا ایک جوان لیڈر برہان وانی کی شہادت کے بعد فسادات پھوٹ پڑے تھے جس کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو بدستور جاری ہے اور بھارتی فورسز کے ہاتھوں عوام کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بھی ابھی تک جاری ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری