"مودی" کا جشن آزادی کے موقع پر بھی پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی


"مودی" کا جشن آزادی کے موقع پر بھی پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی

یوم آزادی کے موقع پر بھارتی وزیراعظم "نریندر مودی" نے اپنے خطاب میں جہاں اپنی انسانیت اور بڑائی بیان کی وہاں پاکستان کو بھی آڑے ہاتھوں لے لیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، بھارتی وزیراعظم کا یوم آزادی کے موقع پر اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کی عوام نے ان کے حق کی بات کرنے اور وہاں ہونے والی دہشتگردی کے خلاف ٹھوس مؤقف دینے پر بھارت کا شکریہ ادا کیا ہے۔

مودی نے اپنے خطاب میں 2014ء میں آرمی پبلک اسکول پشاور پر ہونے والے دہشتگرد حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے بچوں کا مقرر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دہشتگرد حملے پر ہندوستان کی ہر آنکھ اشکبار تھی۔ 

انہوں نے کہا کہ یہ بھارت کی اعلیٰ ظرفی ہے کہ وہ پشاور حملے میں شہید ہونے والے بچوں کا درد اپنے دل میں محسوس کرتا ہے جبکہ اگر دوسری جانب دیکھا جائے تو دہشت گردوں کی پشت پناہی کی جاتی ہے۔

پاکستان کا نام لئے بنا مودی نے کہا کہ دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں ٹانگ  اڑانے کے بجائے اپنے گریبان میں جھانکنا زیادہ بہتر ہوتا ہے۔

بھارتی وزیراعظم  نے کہا کہ میں بلوچستان، گلگت اور آزاد کشمیر کے عوام کا ممنون ہوں جنہوں نے پچھلے چند روز میں میرا شکریہ ادا کیا ہے۔ 

انہوں نے تاکید کی کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کو بلوچستان اور کشمیر میں انسانی حقوق  کو پامال کرنے کا جواب دینا ہوگا۔

لال قلعے سے اپنی عوام سے خطاب میں مودی نے مزید کہا کہ کچھ عناصر خطے میں دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں لیکن بھارت دہشت گردوں کی پشت پناہی کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔

وزیراعظم مودی کی اس تقریر کو بھارتی عوام کی جانب سے خوب پذیرائی مل رہی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری