بھارتی مظالم جاری، مقبوضہ وادی میں مزید 3 شہری شہید


بھارتی مظالم جاری، مقبوضہ وادی میں مزید 3 شہری شہید

بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں کپواڑہ کے مقام پر فائرنگ کرکے مزید 3 کشمیریوں کو شہید کر دیا ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، بھارتی ذرائع ابلاغ نے دعوی کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے کشمیری بھارتی فوج کے کیمپ پر حملے میں ملوث تھے۔

خبررساں ادارے جیو نیوز نے لکھا ہے کہ وادی کی امن و امان کی صورتحال بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں 44 روز سے مسلسل کرفیو نافذ ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق، بھارت کی جانب سے نافذ کردہ مسلسل کرفیو کی بدولت مقبوضہ وادی میں معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے ہیں۔

زندگی کے دوسرے شعبوں کے ساتھ ساتھ سکول بند ہونے کے باعث بچوں کی تعلیم بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

دوسری جانب تمام آئل ٹینکروں اور ٹرک آپریٹرز کی ایسوسی ایشن نے بھی وادی میں اشیاء کی سپلائی بند کر رکھی ہے۔

لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ تمام کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں۔

واضح رہے کہ ان تمام مظالم اور اپنی سر توڑ کوشش کے باوجود بھارت مقبوضہ کشمیر میں احتجاج روکنے میں ناکام رہا ہے۔

حریت پسند رہنما برہان وانی کی شہادت کے بعد ہونے والے احتجاج کے سلسلوں پر بند باندھنے کے لئے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی پرتشدد کاروائیوں میں اب تک 80 سے زائد کشمیری شہید اور 9 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ گھر گھر تلاشی اور پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کے باعث بہت سے حریت پسند رہنما گرفتار کیے جا چکے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری