شیریں مزاری: لاہور میں رینجرز آپریشن ناگزیر ہوچکا ہے


شیریں مزاری: لاہور میں رینجرز آپریشن ناگزیر ہوچکا ہے

ترجمان تحریک انصاف نے تاکید کی ہے کہ لاہور میں بڑھتی ہوئی ٹارگٹ کلنگ کو روکنے کے لئے کراچی کی طرح رینجرز آپریشن کا وقت آن پہنچا ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان تحریک انصاف کی سینیئر رہنما شیریں مزاری نے کراچی کی طرح لاہور میں بھی رینجرز آپریشن کو لازمی قرار دے دیا ہے۔

روزنامہ ڈان نے لکھا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی سینیئر رہنما کے مطابق، لاہور میں ٹارگٹ کلنگ میں اضافہ ہوا ہے اسلئے یہاں کراچی کی طرح رینجرز آپریشن ناگزیر ہوچکا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور میں بڑھتی ہوئی ٹارگٹ کلنگ ایک نہایت سنجیدہ مسئلہ ہے۔ پنجاب میں سیاست کے ایماء پر قتل کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جن میں لاہور کا پہلا نمبر ہے۔ لاہور میں قتل ہونے والے ہمارے کارکنان کے مجرموں کو ہر کوئی جانتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مطالبے کا سیاست سے کچھ لینا دینا نہیں ہے اور یہ صرف اور صرف انصاف کا معاملہ ہے۔

سینیئر رہنما نے لاہور کے سانحہ ماڈل ٹاون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہرچند تحریک قصاص ڈاکٹر طاہر قادری چلا رہے ہیں تاہم مسلم لیگ (ن) کے سوا ہر سیاسی جماعت نے تسلیم کیا تھا کہ وہاں نہتے لوگوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

یاد رہے کہ لاہور میں ہی پاکستان تحریک انصاف  کے رکن مرزا تنویر کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے بھی گذشتہ روز اپنے بیان میں لاہور میں رینجرز آپریشن کا مطالبہ کیا تھا۔

عمران خان نے اپنے بیان میں  نواز حکومت پر سنگین الزام لگاتے ہوئے بیان دیا تھا کہ پنجاب پولیس پاکستان مسلم لیگ (ن) کے عسکری شعبے کے طور پر کام کررہی ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا تھا کہ پنجاب پولیس کو نہ صرف نواز لیگ کے مخالفین کو خوفزدہ کرنے کے لئے بلکہ قتل کرنے کے لئے بھی استعمال کیا جارہا ہے۔

اب یہ ضروری ہو چکا ہے کہ کراچی کی طرح لاہور میں بھی رینجرز آپریشن شروع کیا جائے۔

اپنی سیاسی جماعت کے سربراہ کی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے شیریں مزاری نے بھی لاہور میں رینجرز آپریشن کو لازم قرار دیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری