سعودی جیلوں میں موجود 2 ہزار سے زائد بھارتی مزدوروں کی حالت زار


سعودی جیلوں میں موجود 2 ہزار سے زائد بھارتی مزدوروں کی حالت زار

سعودی عرب کے شہر جدہ کی جیلوں میں پھنسے 2 ہزار سے زیادہ بھارتی مزدور جن پر سعودی حکومت کی جانب سے 10 ہزار ریال (2670 ڈالر) کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے، مودی حکومت کی طرف سے کسی بھی قسم کی امداد کی راہ تک رہے ہیں۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، سعودی عرب کے شہر جدہ کی جیلوں میں ایک ماہ سے قید 2 ہزار سے زائد بھارتی مزدور بےبسی کے عالم میں مودی حکومت کی مدد کے منتظر ہیں۔

بھارتی خبررساں ادارے انڈیا ٹودے نے خبر دی ہے کہ 2 ہزار سے زائد بھارتی مزدور سعودی عرب کے شہر جدہ میں قید ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

اس واقعے کی تفصیل تب سامنے آئی جب چند قیدیوں نے جدہ کی جیل سے اپنی ویڈیو بنا کر بھارتی اخبار انڈیا ٹودے کو واٹس ایپ کے ذریعے ارسال کی۔

ویڈیو پیغام میں بھارتی مزدور سخت پریشانی کے عالم میں وزیراعظم مودی اور امور خارجہ کی وزیر سشما سواراج سے مدد مانگتے نظر آ رہے ہیں۔

مزدوروں نے اپنے پیغام میں بتایا کہ وہ سعودی عرب میں پہلے جہاں کام کر رہے تھے وہاں ان کو کئی ماہ سے تنخواہ نہیں ملی تھیں۔

لہٰذا مجبور ہو کر وہ ایک نئی جگہ کام کرنے لگے۔ جہاں اک روز سعودی پولیس نے چھاپہ مارا اور ان سب کو گرفتار کر لیا۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ان پر 10 ہزار سعودی ریال ( تقریبا 2 لاکھ اسی ہزار پاکستانی روپے) کا جرمانہ عائد کیا ہے۔

ان پر یہ جرمانہ اس لئے عائد کیا گیا ہے کہ ان مزدوروں نے پچھلے ادارے سے اپنا پاسپورٹ حاصل کیے بغیر نئے ادارے میں کام کرنا شروع کر دیا تھا۔

کہا جا رہا ہے کہ جب تک وہ یہ جرمانہ ادا نہیں کر دیتے ان کو ملک چھوڑنے تک کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

اتر پردیش کے محمد ابراہیم اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے سکھدیپ سنگھ نے اپنی حالت زار بتاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سعودی عرب میں موجود بھارتی سفارتخانے سے بھی رابطہ کیا ہے تاہم انہیں وہاں سے بھی کوئی مدد نہیں ملی۔

جبکہ پولیس حکام کے مطابق، اگر بھارتی سفارت خانہ اس معاملے میں دخل اندازی کرے تب بھی ان کو نہ رہا کیا جائے گا اور نہ ہی واپس اپنے ملک میں جانے کی اجازت دی جائے گی۔

ایک مزدور کے مطابق، وہاں 64 افراد کی گنجایش رکھنے والی بیرک میں 140 سے زیادہ افراد کو قید کرکے رکھا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہاں ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے اور وہ بہت تکلیف اور بےبسی کے عالم میں سعودی جیلوں میں قید ہیں تاہم بھارتی وزیراعظم اور وزیر براے امور خارجہ تک اگر ان کا یہ پیغام پہنچ جاتا ہے تو یہ ان کے لئے مایوسی کے اندھیرے میں امید کی کرن ثابت ہو سکتی ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری