کابل میں امریکی یونیورسٹی پر حملہ 10 گھنٹے جاری فائرنگ کے بعد اختتام پذیر


کابل میں امریکی یونیورسٹی پر حملہ 10 گھنٹے جاری فائرنگ کے بعد اختتام پذیر

کابل میں امریکی یونیورسٹی پر دہشت گرد حملہ 10 گھنٹے تک جاری مسلسل فائرنگ کے بعد اختتام پذیر ہوا جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور 44 زخمی ہوگئے۔

خبررساں ادارے تسنیم نیوز کے مطابق، افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع امریکی یونیورسٹی پر مسلح افرادنے حملہ کر دیا۔ سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں میں 10 گھنٹے تک جاری رہنے والے مقابلے کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور 44 زخمی ہو گئے ہیں۔

حملہ آوروں نے پہلے بارود سے بھری ایک کار کو یونیورسٹی کی عمارت سے ٹکرایا اور اس کے بعد فائرنگ شروع کردی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچیں اور 10 گھنٹے تک ہونے والے مقابلے کے بعد 2 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا گیا۔

پولیس چیف عبدالرحمن رحیمی نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران 7 طلبا، 3 پولیس اہلکار اور 2 سیکیورٹی گارڈز کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق 44 زخمی افراد میں 35 یونیورسٹی کے طلبا ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق، 700 سے زائد طلبا کو یونیورسٹی سے نکال کر محفوظ مقام  پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

2004ء میں کابل میں قائم کی جانے والی اس یونیورسٹی میں 1700 سے زائد طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، دھماکے اور فائرنگ کی آواز سن کر بہت سے طلبا نے خوفزدہ ہو کر جان بچانے کے لئے دوسری منزل سے چھلانگ لگادی، جس کے نتیجے میں بہت سے طلبا زخمی ہو گئے۔

سیکیورٹی اہلکار اور دہشتگردوں کے درمیان 10 گھنٹے تک جاری  رہنے والے مقابلے کے دوران یونیورسٹی میں محصور ہو کے رہ جانے والے طلبا سخت ذہنی اذیت اور خوف کا شکار رہے۔

واضح رہے کے ابھی تک کسی دہشت گرد گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری