سرتاج عزیز کی مغربی ممالک کے سفیروں کو مقبوضہ کشمیر کی حالت زار پر بریفنگ


سرتاج عزیز کی مغربی ممالک کے سفیروں کو مقبوضہ کشمیر کی حالت زار پر بریفنگ

وزیراعظم کے خصوصی مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک کے نمائندوں اور یورپی یونین کے سفیروں کو مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی فوج کی بربریت پر بریفنگ دی.

تسنم نیوز ایجنسی کے مطابق، وزیراعظم کے خصوصی مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک چین، فرانس، روس، برطانیہ اور امریکہ کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ یورپی یونین کے سفیروں کو بھی مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی فوج کے مظلوم اور نہتے کشمیری شہریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے متعلق بریفنگ دی۔

خبررساں ادارے ڈان نیوز نے اطلاع دی ہے کہ سرتاج عزیز نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی پیشکش کا خیرمقدم کرتا ہے اور ہمیشہ کی طرح کشمیر کے مسئلے کے حل کیلئے مذاکرات کے آغاز کیلئے تیار ہے۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ممالک کے نمائندوں اور یورپی یونین کے سفیروں نے بھی 7 دہائیوں سے جاری اس مسئلے کو پر امن طریقے سے حل کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پاکستان کی جانب سے بھارت کے ساتھ با مقصد اور پرامن مذاکرات کی پیشکش کو سراہا۔

یا د رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم  پاکستان کے خصوصی مشیر برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی نے بھی بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی پامالی پر اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے سفیروں کو بریفنگ دی تھی۔

اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل ایاد امین مدنی نے پاکستان کے حالیہ دورے میں مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کو لکھے گئے خط میں بھی پاکستان نے خواہش ظاہر کی تھی کہ وہ ہمیشہ سے اس مسئلے کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں پرامن حل چاہتا ہے۔

اسی زمرے میں پاکستان نے امریکہ کو بھی مثبت کردار ادا کرنے کی درخواست کی تھی۔

تاہم عالمی برادری کی روز بروز بڑھتی سفارشات اور پاکستان کی پرامن مذاکرات کی مسلسل پیشکش اور کوششوں کے باوجود بھارت کی ہٹ دھرمی میں کوئی کمی نہیں آئی ہے اور وہ کشمیر پر ناجائز قبضہ جمائے وہاں کے مظلوم عوام پر مظالم ڈھا رہا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری