اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں تحقیقاتی گروہ تعینات کرے


اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں تحقیقاتی گروہ تعینات کرے

پاکستان نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی فورسز کی جانب سے ہونے والے مظالم اور انسانی حقوق کی پامالی سے متعلق حقائق معلوم کرنے کے لئے تحقیقاتی گروہ تعینات کرے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے اپنی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ ہندوستان کے زیرانتظام مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام پر ہندوستانی فورسز کے افسوسناک مظالم کے بارے میں تفصیلات جاننے کے لئے عالمی برادری کو باقاعدہ طور پر وفد بھیجنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کو ایک اور خط لکھ کر حقایق کی چھان بین کا مطالبہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کےبیان اور پاکستانی حکومت کے مؤقف کی تائید کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام خط میں بلوچستان میں ہندوستانی مداخلت اور اس ملک کے وزیراعظم کی حالیہ بیانات کی بھر پور مذمت کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ مہینے دہلی کے لال قلعے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا تھا کہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان اور گلگت بلتستان کے عوام نے اپنے لیے آواز اٹھانے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

حکومت پاکستان نے اس بیان کو پاکستان میں ہندوستان کی دخالت قرار دیا تھا جبکہ دونوں صوبوں کے عوام نے مودی کے اس بیان کے رد عمل میں مظاہرے بھی کئے تھے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری