بھیک نہیں مانگ رہے، جنرل راحیل اپنا کیا ہوا وعدہ نبھائیں/ خصوصی رپورٹ


بھیک نہیں مانگ رہے، جنرل راحیل اپنا کیا ہوا وعدہ نبھائیں/ خصوصی رپورٹ

پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے راولپنڈی میں قصاص ریلی سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ ماڈل ٹاون سانحے کے متاثرین کو انصاف کی فراہمی کے سلسلے میں کیا ہوا اپنا وعدہ پورا کریں۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے راولپنڈی کے رحمٰن آباد کے علاقے میں پارٹی کی قصاص ریلی میں اپنے خطاب میں آرمی چیف کو ان کا ماڈل ٹاون سانحے کے متاثرین کو انصاف کی فراہمی کے سلسلے میں کیا ہوا وعدہ یاد دلایا اور اسے پورا کرنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے آرمی چیف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ریٹائرمنٹ کے قریب ہیں اور آپ کے وعدے کا کیا ہوا؟ آپ متاثرین اور ان کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بناسکتے ہیں۔ اگر آپ مظلوموں کو انصاف دلائے بنا ریٹائر ہو گئے تو کل اللہ کو کیا جواب دیں گے۔

ڈان نیوز کے مطابق، انہوں نے وزیراعظم نواز شریف پر الزام لگایا کہ وہ ملک کی خودمختاری کے خلاف سازشیں کررہے ہیں۔ انہوں نے حکومت پر خوفناک الزام لگاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز ہونے والے مردان اور پشاور حملوں کے پیچھے بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ہاتھ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ یہاں جمع ہوئے ہیں وہ دو سال قبل ماڈل ٹاؤن میں ہلاک ہونے والوں کے لیے انصاف لیے بغیر یہاں سے نہیں جائیں گے۔

یاد رہے کہ جون 2014 میں طاہر قادری کے ماڈل ٹاون منہاج القران کے دفتر کے سامنے ہونے والی پولیس اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کے مابین ہونے والی جھڑپ میں کئی کارکن پولیس کی گولیاں لگنے سے ہلاک و زخمی ہو گئے تھے۔

عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری اس سانحے میں ہوئی ہلاکتوں سے متعلق انصاف کے حصول کے لیے ملک بھر میں قصاص ریلیاں نکال رہے ہیں۔

انہوں نے اپنے پرجوش خطاب میں یہ بھی کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کو یہ جاننا چاہئے کہ سانحہ ماڈل ٹاون کی تحقیقات کے بعد پھانسی سے نہیں بچ سکیں گے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری