امریکہ کی پاکستان کو دہشتگردوں کے خلاف ایک بار پھر بلاتفریق کارروائی کرنے کی تاکید


امریکہ کی پاکستان کو دہشتگردوں کے خلاف ایک بار پھر بلاتفریق کارروائی کرنے کی تاکید

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشتگردوں کے خلاف بلا امتیاز اور بلا تفریق کاروائی کرے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، امریکہ نے ایک بار پھر پاکستان سے ڈو مور کا مطالبہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کے خلاف بلا امتیاز اور بلا تفریق کاروائی کرنے کو کہا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے کہا ہے کہ امریکہ نے پاکستان کو واضح کر دیا ہے کہ وہ امتیاز نہ کرے کہ اسے کس دہشت گرد گروہ کے خلاف کارروائی کرنی ہے اور کس کے خلاف نہیں کرنی۔

ان کا کہنا تھا کہ سب دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہونی چاہیئے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے تاکید کی کہ پاک امریکہ تعلقات دہشت گردی کے خلاف تعاون کی بنیاد پر قائم ہیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں مطالبہ کیا کہ پاکستان ان تمام دہشت گردوں کو نشانہ بنائے جو اس کی سرزمین استعمال کرتے ہوئے ہمسایہ ممالک پر حملے کرتے ہیں اور اس سلسلے میں کسی سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔

یاد رہے کہ جیو اردو نے عرصہ پہلے وفاقی حکومت کے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی تھی کہ اسلام آباد کے حکام کو افغان طالبان کے سابق امیر "ملا اختر منصور" کی ہلاکت کے بعد امریکی حکام کے بیانات پر تشویش ہے اس وجہ سے فیصلہ کیا ہے کہ امریکہ سمیت کسی بھی ملک کے ڈو مور مطالبے کو مزید قبول نہیں کریں گے۔

جیو اردو کے مطابق، پاکستان نے دہشت گردی کی وجہ سے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں لیکن اس کے باوجود بھی امریکی حکام پاکستان کے بارے میں مناسب خیالات کا اظہار نہیں کرتے جس کی وجہ سے پاکستانی حکام کو خدشات ہیں۔


 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری