امریکہ اور روس کے بیچ شام میں جنگ بندی پر اتفاق


امریکہ اور روس کے بیچ شام میں جنگ بندی پر اتفاق

دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان جنیوا میں شام میں جنگ بندی سے متعلق مذاکرات طے پا گئے ہیں۔ 12 ستمبر کو شام میں سیز فائر ہو جائے گا۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، امریکہ اور روس کے درمیان سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں شام میں جنگ بندی سے متعلق معاہدہ طے پایا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ایجنسی فرانس پریس نے اطلاع دی ہے کہ امریکہ اور روس شام میں جنگ بندی کے معاہدے پر متفق ہوگئے ہیں جس کے بعد 12 ستمبر سے وہاں سیز فائر کا آغاز ہوجائے گا۔

تفصیلات کے مطابق، سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں راواں سال ماہ جون سے شام میں جنگ بندی سے متعلق مذاکرات جاری تھے جس کے نتیجے میں دونوں ممالک شام میں جنگ بندی پر متفق ہو گئے ہیں۔

مذاکرات دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ امریکہ کے جان کیری جب کہ روس کے سرگئی لارووف کے بیچ جاری تھے۔

دونوں وزرا خارجہ کے درمیان 12 گھنٹے تک چلنے والی ملاقات کے بعد ہونے والی مشترکہ پریس کانفرس میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے بتایا کہ روس اور امریکہ شام میں جنگ بندی کے معاہدے پر متفق ہوگئے ہیں۔

معاہدے کی تفصیل بتاتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے بتایا کہ شام میں جنگ بندی کا آغاز پیر 12 ستمبر سے ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ شامی حکومت اور اپوزیشن دونوں ہی کو اس معاہدے کی پاسداری کرنی ہوگی۔

جبکہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لارووف کا کہنا تھا کہ طے ہونے والے معاہدے سے شامی حکومت کو آگاہ کردیا گیا ہے اور وہ اس پر عمل کرنے کے لئے تیار ہے۔

وزیر خارجہ سر گئی لارووف نے یہ بھی واضح کیا کہ دونوں ممالک کے مابین اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ امریکہ اور روس دہشت گردوں کے خلاف خود کارروائی کریں گے اور ان علاقوں پر بھی اتفاق ہوگیا ہے جہاں کارروائیاں کی جائیں گی اور وہاں صرف امریکی یا روسی فضائیہ ہی کارروائی کرے گی۔

واضح رہے کہ شام میں گزشتہ پانچ برس سے خانہ جنگی جاری ہے اور اس دوران اب تک 2 لاکھ 90 ہزار کے قریب افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری