آئی ایم 35 کے بعد پاکستان کا روس سے ایس یو 35 طیارے خریدنے پر غور


آئی ایم 35 کے بعد پاکستان کا روس سے ایس یو 35 طیارے خریدنے پر غور

پاکستان روس سے ایس یو 35 طیاروں کے ساتھ ساتھ ٹینک شکن ہتھیاروں اور ایئر ڈیفنس نظام کے حصول کی کا بھی خواہشمند ہے

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق  پاکستان اور روس رواں برس پہلی مشترکہ فوجی مشقیں کرنے والے ہیں جبکہ پاکستان جدیدترین روسی جنگی جہازایس یو35 خریدنے پر بھی غور کر رہا ہے۔

ایکسپریس نیوز نے خبر دی ہے کہ ایک سینئر فوجی عہدیدار نے بتایا ہے کہ دونوں ممالک کی جانب سے دو دو سو  اہلکار ان مشقوں میں حصہ لیں گے جو کہ امید کی جا رہی ہے کہ رواں برس کے آخر میں ہوں گی۔

روس میں پاکستانی سفیر قاضی خلیل اللہ  نے بتایا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ دونوں ممالک کے فوجی اہلکار مشترکہ فوجی مشقوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان مشقوں کو فرینڈشپ 2016 کا نام دیا گیا ہے۔

تاہم تاحال ان جنگی مشقوں کی نوعیت، مقام اور دیگر تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پیشرفت سے دونوں ممالک کے مابین بڑھتے ہوئے تعاون کی عکاسی ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ ایم آئی35 ہیلی کاپٹروں کے سودے کے بعد پاکستان اب روسی جنگی طیارے ایس یو35خریدنے کیلیے کوشاں ہے ۔

اس مقصد کیلیے پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان نے جولائی میں روس کا دورہ بھی کیا تھا۔

پاکستانی سفیر کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کے سربراہ نے روسی حکام کے ساتھ ثمربخش مذاکرات کیے ہیں لیکن انہوں نے فوجی خریداری کے حوالے سے مزید کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔

دیگر دفاعی عہدیداروں کے حوالے سے روسی خبررساں ادارے نے بتایا کہ پاکستان ان ہتھیاروں کی خریداری کیلیے ابھی تک بات چیت کے ابتدائی مراحل میں ہے۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ پاکستان ٹینک شکن ہتھیاروں اور ایئر ڈیفنس نظام کے حصول کا بھی خواہاں ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری