کشمیر کے دارالحکومت سرینگر میں بھارتی فوج پر حملہ؛ 17 اہلکار ہلاک اور 20 سے زائد زخمی


کشمیر کے دارالحکومت سرینگر میں بھارتی فوج پر حملہ؛ 17 اہلکار ہلاک اور 20 سے زائد زخمی

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہیڈ کوارٹرز پر ہونے والے حملے میں 17 اہلکار ہلاک جبکہ کئی زخمی ہو گئے ہیں۔ علاقہ دیر تک فائرنگ اور دھماکوں کی آواز سے گونجتا رہا۔

تسنیم نیوز کے مطابق، مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سرینگر میں بھارتی فوج کے ہیڈکوارٹرز پر حملے میں 17 فوجی ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

روزنامہ پاکستان نے خبر دی ہے کہ سرینگر کے قریب بارہ مولہ کے علاقے اڑی آرمی کے بارہ بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز پر حملہ صبح پانچ بجے ہوا ۔

حملہ آوروں اور بھارتی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ  بھی ہوا۔ جس کی آواز دور دور تک سنائی دیتی رہی۔

دھماکوں کے باعث کئی بھارتی بارکوں میں آگ لگ گئی جس کی وجہ سے دھوئیں کے بادل دکھائی دینے لگے۔

بھارتی میڈیا نے اپنے فوجی ذرائع کے حوالے سے تین اہلکاروں کی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جبکہ  خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق، مذکورہ حملے میں کم از کم 17 فوجی مارے گئے ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا نے 20 سے زیادہ فوجی زخمی ہونے کی بھی اطلاع دی ہے۔

بھارتی فوج نے 4 حملہ آوروں کو مارنے کا دعوی کیا ہے۔

اس کشیدہ صورتحال کے پیش نظر بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اپنا امریکہ اور روس کا دورہ بھی ملتوی کردیا ہے۔

جبکہ حملے کے بعد کرفیو میں مزید سختی کر دی گئی ہے اور مقبوضہ وادی میں جگہ جگہ بھارتی فوج کے اہلکار تعینات ہیں۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری