پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے میں کامیاب ہوگئے، مودی کا دعویٰ


پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے میں کامیاب ہوگئے، مودی کا دعویٰ

ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کا دعویٰ ہے کہ نئی دہلی نے اسلام آباد کو عالمی سطح پر تنہا کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، ہندوستانی روزنامے انڈین ایکسپریس نے ایک رپورٹ شائع کی ہے کہ اس ملک کے ریاست کیرالا کے ساحلی شہر کوزیکوڈ میں انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران نریندر مودی نے پاکستان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ہندوستان سوفٹ ویئر برآمد کر رہا ہے، تو دوسری جانب پاکستان دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔

بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اُڑی میں دہشت گردوں نے 18 فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا لیکن میں انہیں واضح پیغام دینا چاہتا ہوں کہ نئی دہلی یہ حملہ کبھی فراموش نہیں کرے گا۔

مودی نے کہا کہ اس حملے کے بعد عوام میں غصے کی شدید لہر پیدا ہو گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ حملہ پڑوسی ملک کی جانب سے کشمیر میں دہشت گردی کے فروغ کی وجہ سے ہوا ہے۔

مودی نے کہا کہ ایک دن ایسا آئے گا جب پاکستانی عوام خود دہشت گردی کے خلاف جنگ کی خاطر اپنی ہی حکومت کے مخالف ہوجائیں گے۔

نریندر مودی کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے گزشتہ چند ماہ کے دوران کشمیر میں 110 سے زائد دراندازوں کو ہلاک کر دیا ہے اور میں پاکستانی عوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہندوستان آپ سے لڑائی کے لئے تیار ہے، اگر آپ میں ہمت ہے تو آگے بڑھیں اور ہندوستان کے ساتھ غربت، بیروزگاری اور ناخواندگی کے خاتمے کی جنگ کریں، پھر دیکھتے ہیں کون اس میں سرخرو ہوتا ہے۔

مودی نے دعویٰ کیا کہ ہندوستان پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے اور اپنی اس مہم میں کوششوں کو مزید تیز کرکے پاکستان کو مکمل طور پر تنہا کر دے گا۔

یہ ایسے موقع پر ہے کہ پاکستان اور روس کی بری افواج تاریخ میں پہلی مرتبہ مشترکہ جنگی مشقوں میں حصہ لے رہی ہیں۔

پاک روس مشترکہ جنگی مشقوں میں دونوں ممالک کی اسپیشل سروسز (ایس ایس جی) حصہ لیں گی اور یہ مشقیں اسپیشل سروسز کے تربیتی علاقے میں ہی ہوں گی۔ مشترکہ مشقوں کا نام “دورزبہ” رکھا گیا ہے جو روسی زبان کا لفظ ہے اور اس کا مطلب دوستی کے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ مشقیں ایک ایسی حالت میں منعقد ہونے جا رہی ہیں کہ پاک بھارت کشیدگیاں اپنی عروج پر ہیں۔

گزشتہ دنوں پاک میڈیا نے خبر دی تھی کہ بھارتی جنگی جہاز دونوں ممالک کے سرحدوں علاقوں پر پروازیں کر رہی ہیں جبکہ دوسری جانب، پاکستان نے بھی ہائی مارک 2016ء نامی جنگی مشقوں کا آغاز کرتے ہوئے موٹر ویز کو رن ویز کے لئے استعمال کرنا شروع کیا ہے۔

جہاں بھارت نے اپنی فوج کو پاکستان کے ساتھ مشترکہ سرحد پر چاک و چوبند رہنے کا حکم دیا ہے وہیں پاک فوج بھی بھاری ہتھیار کے ہمراہ سرحدی علاقوں کی جانب گامزن ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاک بھارت کشیدگیوں میں اضافہ اور بالخصوص ماسکو – اسلام آباد کے درمیان بڑھتی نزدیکیوں نے نئی دہلی کے خدشات میں مزید اضافہ کر دیا ہے جس کی وجہ سے اس ملک کے حکام کی نیندیں اڑ گئی ہیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری