بھارت کی پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش/ نئی دہلی پاکستان مخالف دہشت گردوں کی حمایت کرتا ہے


بھارت کی پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش/ نئی دہلی پاکستان مخالف دہشت گردوں کی حمایت کرتا ہے

ترجمان دفترخارجہ نے اس بیان کے ساتھ کہ بھارت پاکستان مخالف دہشت گردوں کی حمایت کرتا ہے، تاکید کی ہے کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی تحقیقات کرنے کے لئے حقیقت یاب کمیشن کی تشکیل ناگزیر ہو چکی ہے۔

تسنیم نیوز کے مطابق، ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ پچھلے 75 دنوں میں قابض بھارتی فوج نے 100 سے زائد کشمیریوں کو بےرحمی سے شہید کر دیا ہے جبکہ سینکڑوں افراد نابینا اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے کشمیری رہنما برہان وانی کو ماورائے عدالت قتل کیا اور اس قتل کے بعد بھارتی مظالم میں شدت آ گئی ہے۔

نفیس زکریا نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بیان دیا ہے کہ بھارت بےبنیاد الزامات اور اشتعال انگیز بیانات دے کر پاکستان کو بدنام کرنے کی ایک سوچی سمجھی سازش کر رہا ہے۔

نفیس زکریا نے بھارتی وزیراعظم کی کیرالہ میں کی گئی تقریر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مودی کے بیانات کومایوس کن قرار دیا ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ اور اسلامی سربراہی تنظیم کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ بھارتی مظالم عالمی برادری کے سامنے کھل کر آ گئے ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم پاکستان کی جنرل اسمبلی کی تقریر میں کئے گئے مطالبے کو دہراتے ہوئے مقبوضہ کشمیر بھارتی مظالم کی عالمی تحقیقات کرانے کے لئے کمیشن بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔

ترجمان دفترخارجہ نے بھارتی قیادت کے پاکستان کیخلاف بے بنیاد الزمات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت بلوچستان اور فاٹا سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کا ارتکاب کررہا ہے۔

اپنے موقف کا دفاع کرتے ہوئے انہوں نے بلوچستان سے گرفتار ہونے والے بھارتی جاسوس کلبوشن یادیو کے اعترافی بیانات کا حوالہ بھی دیا۔

واضح رہے کہ بھارتی جاسوسوں کی پاکستان میں گرفتاری کی خبریں منظر عام پر آتی رہتی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیرمیں قابض افواج کے ظلم و ستم سے ہٹانا چاہتا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری