چین نے بھارت کا پانی روک دیا


چین نے بھارت کا پانی روک دیا

چین نے تبت سے آنے والے براہما پترا نامی دریا کا پانی ایسے وقت میں بند کر دیا ہے جب بھارتی ایوانوں نے پاکستان کا پانی بند کرنے کے سلسلے میں اجلاس منعقد کئے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، پاکستان کے خلاف پانی کی جس جنگ کا بھارت ارادہ کیے بیٹھا تھا، چین نے اس کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کا ہی پانی بند کر دیا ہے۔

اے آر وائی نے خبر دی ہے کہ چین نے پانی کی بندش کا اقدام اپنے اہم ترین ہائیڈرو پراجیکٹ ”لالہو“ کی تکمیل کے لیے اٹھایا ہے۔ اس پراجیکٹ پر 744 ملین امریکی ڈالر لاگت آئے گی۔

براہما پترا دریا کا پانی بند ہونے کے بعد بھارت اور بنگلہ دیش کو پانی کی کمی کا سامنا ہو سکتا ہے تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہوا کہ اس اقدام سے بھارت اور بنگلہ دیش کو آبی حوالے سے کس حد تک نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔

خیال رہے کہ چین 12ویں پانچ سالہ منصوبے کے تحت براہما پترا پر تین مزید منصوبے لگانے کی منصوبہ بندی کرچکا ہے۔

واضح رہے کہ یہ منصوبہ جون 2014ء میں شروع کیا گیا تھا۔ امید کی جا رہی ہے کہ یہ اہم ترین چینی منصوبہ 2019ء تک مکمل ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکی دی تھی جس کے بعد پاکستان کی جانب سے اس قدم کو اعلان جنگ کے مترادف قرار دیا گیا تھا۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری