طالبان کا قندوز شہر پر حملہ، اہم چوکیوں پر قبضہ


طالبان کا قندوز شہر پر حملہ، اہم چوکیوں پر قبضہ

افغان طالبان نے ایک برس بعد دوبارہ قندوز شہر پر حملہ کر کے کئی اہم چوکیوں پر قبضہ کرلیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، طالبان قندوز شہر کے چاروں اطراف سے پیش قدمی کررہے ہیں اور فائرنگ اور گولہ باری کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، فائرنگ اور گولہ باری کی وجہ سے شہری محصور ہوگئے ہیں اور شہر میں اشیائے خرد و نوش کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

گورنر قندوز کے ترجمان محمود دانش کا کہنا ہے کہ طالبان نے شہر پر چار اطراف سے حملہ کیا ہے اور وہ لوگوں کے گھروں کو اپنی پناہ گاہوں کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔

طالبان اس وقت شہر کے جنوبی حصے میں موجود ہیں جن کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

شہر میں طالبان کی پیش قدمی کو روکنے کے کیے فضائی حملے بھی کئے جارہے ہیں۔

اسی طرح افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا دعویٰ ہے کہ پیر کی صبح طالبان نے شہر پر چاروں اطراف سے حملے کئے ہیں اور وہ بہت تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

ان کی کارروائی میں کئی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

طالبان نے پولیس کی 4 اہم چوکیوں پر بھی قبضہ کرلیا ہے اور اب وہ قندوز شہر کے علاقوں سہ درک، پختی میدان اور سپین زر چمن میں داخل ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب افغان دارالحکومت کابل کے نواحی علاقے میں افغان طالبان نے افغان فوج کی گاڑی کو نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں 2 فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

واضح رہے کہ افغان طالبان اور فوج کے درمیان شدید جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے، جس میں دونوں جانب سے بھاری جانی نقصان ہو رہا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری