پاک بھارت کشیدگی؛ وزیراعظم کے زیر صدارت تمام سیاسی اکابرین کا اجلاس جاری


پاک بھارت کشیدگی؛ وزیراعظم کے زیر صدارت تمام سیاسی اکابرین کا اجلاس جاری

وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت سیاسی قائدین کا اجلاس جاری ہے جس میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے بعد کی صورتحال اور آئندہ کے ردعمل پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، وزیراعظم پاکستان نے پاک بھارت کے درمیان دن بدن بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سرحد پر  آئے روز بھارتی بلا اشتعال فائرنگ پر بحث کے لئے  تمام سیاسی قائدین کا اجلاس بلایا ہے۔

لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بات چیت کے لئے تمام جماعتوں کے سربراہ وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سر جوڑ کر بیٹھے ہیں۔

سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کا اجلاس کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے 11 سربراہان مملکت کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کا معاملہ اٹھایا۔

ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی ہے جب کہ او آئی سی تنظیم نے بھی پاکستانی موقف کی حمایت کی۔

وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی اور شیریں مزاری جب کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے بلاول بھٹو، خورشید شاہ اور اعتزاز احسن شرکت کر رہے ہیں۔

اس کے علاوہ، اجلاس میں محمود خان اچکزئی، غلام احمد بلور، میرحاصل بزنجو، سراج الحق، پرویز الہٰی، چوہدری شجاعت حسین، مولانا فضل الرحمان، فاروق ستار اور پارلیمنٹ میں فاٹا کے پارلیمانی رہنما بھی شریک ہیں۔

اجلاس میں شریک سیاسی جماعتوں ک قائدین بھی مقبوضہ کشمیر اور ایل او سی پر بھارتی جارحیت کے حوالے سے اپنی آرا پیش کریں گے۔

حکومت کی جانب سے مذکورہ اجلاس میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو دعوت نہیں دی گئی جس پر عمران خان نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری