پاکستان سے زیادہ بھارت میں افراد غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں


پاکستان سے زیادہ بھارت میں افراد غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں

عالمی بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق, پاکستان سے زیادہ غربت بھارت میں ہے حالانکہ بھارتی وزیراعظم مودی یہ دعوی کرتے ہیں کہ پاکستان کو بھارت سے سیکھنا چاہیے کہ غربت سے کیسے لڑتے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم نیوز کے مطابق، ورلڈ بینک نے اپنی رپورٹ غربت اور مشترکہ خوشحالی میں مختلف ممالک کے لوگوں کی آمدنی اور معیار زندگی کا جائزہ لیا ہے۔

روزنامہ ڈان نے خبر دی ہے کہ ورلڈ بینک نے اپنی رپورٹ غربت اور مشترکہ خوشحالی میں پاکستان کو ان ممالک کی فہرست میں رکھا جہاں غریب طبقے کی آمدنی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

جبکہ بھارت کو ان ملکوں کی فہرست میں رکھا گیا ہے جہاں غریب طبقے کی آمدنی اوسط سے بھی کم رفتار سے بڑھ رہی ہے البتہ اس کی معیشت دنیا میں تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشت قرار دی گئی ہے۔

مجموعی طور پر اعداد و شمار سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ بعض شعبوں میں بھارت کی کارکردگی پاکستان سے بہتر ہے جبکہ بعض میں پاکستان بھارت سے آگے ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق, 21.25 فیصد بھارتی عالمی بینک کے مقرر کردہ خط غربت (یومیہ 1.9 امریکی ڈالرآمدنی) پر یا اس سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جبکہ پاکستان میں اس کی شرح صرف 8.3 فیصد ہے۔

اسی طرح 58 فیصد بھارتی شہریوں کی یومیہ آمدنی 3.10 ڈالر یومیہ ہے جبکہ پاکستان میں یہ شرح 45 فیصد ہے۔

رپورٹ میں امید ظاہر کی ہے کہ اگر بنگلہ دیش نے سخت معاشی اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھا تو وہ 2030 تک غربت پر قابو پانے میں کامیاب ہوسکتا ہے۔

وہاں 43.7 فیصد لوگ خط غربت کے دہانے پر یا اس سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں جبکہ 77.6 فیصد شہریوں کی یومیہ آمدنی 3.10 ڈالر ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے اپنی ایک پرجوش تقریرمیں پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے غربت سے جنگ  بھارت سے سیکھنے کا مشورہ دیا تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری