سوئی کے مقام پر پاک افواج کی حمایت میں جلسہ/ تصویری رپورٹ


سوئی کے مقام پر پاک افواج کی حمایت میں جلسہ/ تصویری رپورٹ

صوبہ بلوچستان کے شہر سوئی میں عوام نے پاک افواج کی حمایت اور بھارت کے خلاف احتجاجی جلوس نکالا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، ملک میں پاک افواج کی حمایت اور اظہار محبت کے لئے جلسے نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔

چاہے چمن کے خشک اور پتھریلے پہاڑ ہوں یا سیاچن کی لہو جما دینے والی سردی، پاکستان کے بیٹے اپنی مسلح افواج سے اظہار محبت اور یکجہتی میں مسلسل جلوس نکال رہے ہیں۔

ان جلوسوں میں شرکا جہاں مسلح افواج سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں وہیں بھارتی حکومت کو للکارتے ہوئے خبردار بھی کرتے ہیں کہ ملک کا بچہ بچہ پاکستان کے دفاع کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔

اسی سلسلے میں صوبہ بلوچستان کے شہر سوئی میں عوام نے پاک افواج کی حمایت اور بھارت کے خلاف ایک احتجاجی جلوس نکالا۔

روزنامہ پاکستان نے خبر دی ہے کہ قبائلی عوام نے بھارت کو دو ٹوک پیغام دے دیا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف کسی قسم کی جارحیت برداشت نہیں کریں گے۔

ذرائع کے مطابق، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے پاکستان مخالف بیانات اور ہرزہ سرائی کے خلاف ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں محب وطن شہریوں نے احتجاجی ریلی نکالی۔

قبائلی رہنما میر جان محمد بگٹی کی قیادت میں نکالی گئی ریلی میں شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج کے حق میں اور بھارت مخالف نعرے تحریر تھے۔

ریلی میں شریک لوگوں کے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے علاقہ دیر تلک گونجتا رہا۔

ریلی کے شرکا نے اس موقعے پر وزیراعظم مودی کا پتلا اور بھارتی پرچم بھی نذر آتش کیا۔

انہوں نے اپنے احتجاج میں کشمیری بھائیوں کو فراموش نہ کرتے ہوئے مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کے خلاف بھی بھرپور نعرے بازی کی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری