ایران میں تاسوعائے حسینی کے مراسم


ایران میں تاسوعائے حسینی کے مراسم

اسلامی جمہوریہ ایران میں نویں محرم یعنی تاسوعائے حسینی، جو علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام سے منسوب ہے، کے مراسم و عزاداری پورے ملک میں نہایت عقیدت و احترام اور جوش و جذبے سے منائی جاتی ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، آج 9 محرام الحرام کی رات تاسوعائے حسینی ہے جو ساری دنیا میں علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام سے منسوب ہے۔

پورا ملک سیاہ پوش ہے ہر طرف پرچم حسینی نصب ہیں گلی کوچے سڑکیں، مساجد و امام بارگاہیں غرض ہر طرف صدائے یاحسین بلند ہے اور پورے ملک کی فضا، حسینی نعروں سے گونج رہی ہے ماتم و سینہ زنی، زنجیر زنی و نوحہ خوانی کی آوازیں ملک کی فضا کو سوگوار بنائے ہوئے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران میں نو محرم کو نواسۂ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور شیعیان جہان کے تیسرے امام حضرت امام حسین علیہ السلام کے بھائی اور پیکر وفا حضرت عباس علمدار علیہ السلام کا غم منایا جا رہا ہے اور اسی بناء پر تاسوئے حسینی یعنی نو محرم کا سماں بھی پورا عاشور کا سا بنا رہتا ہے۔

چوتھے امام حضرت امام زین العابدین علیہ السلام اپنے چچا حضرت عباس علیہ السلام کی صفات بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ میرے چچا عباس ایثار و جانبازی اور فداکاری کا مجسم پیکر ہیں جنھوں نے کربلا کے میدان میں بابا حسین علیہ السلام کے ساتھ اپنی وفاداری کا ایسا منظر پیش کیا کہ رہتی دنیا تک وفاداری کا لفظ چچا عباس سے جڑا رہے گا۔

ایران کے مختلف علاقوں، تمام بڑے چھوٹے شہروں اور ان شہروں کی تمام گلی کوچوں نیز مساحد و امامبارگاہوں میں مجالس اور ماتمی دستوں کی سینہ زنی اور نوحہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے اور ایران کے مقدس ترین شہروں خاص طور سے مشہد المقدس اور قم المقدسہ میں عزاداری نوا‎سۂ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا بالکل الگ ہی منظر ہے۔ جہاں سقّائے سکینہ کا غم نہایت ہی عقیدت و احترام اور ماتمی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے اور سب کے سب ماتم و نوحہ خوانی و سینہ زنی نیز نذرونیاز کے ساتھ علمدار کربلا حضرت عباس کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔

ہرطرف قمر بنی ہاشم کے علم و پرچم لگے ہو‏ئے ہیں جبکہ ایران کے تمام شہروں میں یہی سماں بنا ہوا ہے۔ پورے ملک کی سیاہ پوشی اور حسینی نعروں کی گونج اور سینہ زنی کا یہ عمل، نہ صرف نواسۂ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے غم بلکہ حق و حقیقت کی فتح کا منظر بھی پیش کررہا ہے۔

ایران کے ساتھ ساتھ خود عراق کے مختلف شہروں اور خاص طور سے اس ملک کے مقدس شہروں اور ان میں بھی خود کربلائے معّلی کا سماں، سنہ اکسٹھ ہجری کے یوم عاشور کا جلوہ گر ہے جہاں تمام شہدائے کربلاء کا غم منایا جارہا ہے اور لاکھوں عزاداروں کا مجمع ہے اور سب مسلمان نوحہ خوانی و سینہ زنی میں مصروف نواسۂ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور آپکے تمام اصحاب و انصار سے اپنی عقیدت کا اظہار کررہے ہیں۔

ایسی ہی خبریں اور رپورٹیں شام، لبنان، پاکستان و ہندوستان اور اسی طرح مختلف دیگر اسلامی و غیر اسلامی ملکوں سے موصول ہوئی ہیں جہاں فتح امام حسین علیہ السلام کے نعروں سے پوری فضا گونج رہی ہے۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری