امریکہ کے صدارتی انتخابات کا دوسرا مباحثہ بھی ہلیری کلنٹن نے جیت لیا


امریکہ کے صدارتی انتخابات کا دوسرا مباحثہ بھی ہلیری کلنٹن نے جیت لیا

امریکی میڈیا کے مطابق، ہلیری نے یہ مباحثہ 34 کے مقابلے میں 57 پوائنٹس سے جیتا۔

تسنیم نیوز کے مطابق، دھواں دار بحث اور پرجوش مناظرے کے بعد ہلیری کلنٹن نے امریکہ کے صدارتی انتخابات کا دوسرا مباحثہ بھی جیت لیا ہے۔

خبر رساں ادارے جیو نیوز نے اطلاع دی ہے کہ ہلیری کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان صدارتی انتخابات کا دوسرا مباحثہ سینٹ لوئس کی واشنگٹن یونیورسٹی میں منعقد ہوا۔

اس مباحثے میں ہلیری کلنٹن کی ای میلز، شام و عراق سے متعلق امریکی پالیسی، امریکی معیشت اور مذہب اسلام کے ساتھ ساتھ ذاتی کردار پر بھی بات چیت کی گئی۔

مباحثے کے دوران طرفین ایک دوسرے کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے جھوٹا، غیر حقیقت پسند اور صدارت کے لیے غیر موزوں قرار دیتے رہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے بحث کا آغاز کرتے ہوئے 2005 کی ایک ویڈیو میں اپنے بیانات پر معافی مانگی اور ایران کے ساتھ معاہدے کی امریکی پالیسی کو یکطرفہ قرار دیا۔

ٹرمپ نے کہا کہ حال ہی میں سامنے آنے والی ان کی ویڈیو ٹیپ کے بارے میں وہ شرمسار ہیں۔

جبکہ ہلیری کلنٹن نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ ذاتی ای میلز کا استعمال ایک ’غلطی‘ تھی، تاہم ایسے کوئی شواہد موجود نہیں ہیں جن کے ذریعے یہ ثابت ہو کہ خفیہ معلومات غلط ہاتھوں تک پہنچ گئی تھیں۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہلیری کلنٹن کی ای میلز کی تحقیقات کے لیے وہ خصوصی پراسیکیوٹر تعینات کریں گے۔

انہوں نے یہاں تک کہا کہ اگر صدر کی حیثیت سے ہلیری کلنٹن ذاتی ای میل استعمال کرتیں تو وہ جیل میں ہوتیں۔

ہیلری کلنٹن نے کہا کہ امریکہ کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم نہیں کیا جاسکتا کیونکہ یہ ملک مذہبی آزادی کی بنیاد پر ہی قائم کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ شام کو لیبیا کی طرح خانہ جنگی کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔

یہ دوسرا صدارتی مباحثہ تھا جو ہیلری اور ٹرمپ کے درمیان ہوا، جسے ہیلری نے 34 کے مقابلے میں 57 پوائنٹس سے جیت لیا۔

یاد رہے کہ ان دونوں امیدواروں کے درمیان ہونے والا پہلا صدارتی مباحثہ بھی ہیلری نے باآسانی جیت لیا تھا۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری