الطاف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ کیس ختم


الطاف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ کیس ختم

اسکاٹ لینڈ یارڈ نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف منی لانڈرنگ کیس ناکافی شواہد کی بنیاد پر ختم کردیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، بانی ایم کیو ایم سمیت 4 افراد پر قائم منی لانڈرنگ کیس کو عدم شواہد کی بنیاد پر ختم کر دیا گیا ہے۔

اے آر وائی نے اطلاع دی ہے کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تفتیش کے دوران یہ بات ثابت نہیں ہوسکی کہ رقم غیر قانونی طریقے سے منتقل کی گئی ہے۔

اس موقع پر ایم کیو ایم کے لندن میں مقیم رہنماء واسع جلیل نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اسکاٹ لینڈ یارڈ کے شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے بانی ایم کیوایم کے خلاف دائر مقدمے کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اسکاٹ لینڈ یارڈ حکام کے مطابق پوچھ گچھ مکمل کرنے کے بعد سرفراز مرچنٹ اور محمد انور پر بھی کیس ختم کردیا گیا۔

یاد رہے کہ سال 2013 میں لندن پولیس نے الطاف حسین کے گھر اور دفتر پر ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کی تحقیقات کے سلسلے میں چھاپے مارے تھے۔

چھاپے میں الطاف حسین کے گھر سے مبینہ طور پر بھاری مقدار میں نقدی برآمد ہوئی تھی جسے 'پروسیڈ آف کرائم ایکٹ' کے تحت قبضے میں لے لیا گیا تھا۔

تاہم اسکاٹ لینڈ یارڈ حکام کے مطابق یہ ثابت نہیں ہوسکا کہ جو پیسے بانی متحدہ کے گھر سے ملے وہ غیر قانونی طریقے سے برطانیہ لائے گئے یا انہیں کسی غلط مقصد کے لیے استعمال کیا جانا تھا لہذا ان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کو ناکافی شواہد کی بنیاد پر ختم کردیا گیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری