ڈرائیوروں کی تربیت کے لئے ملتان میں میٹرو کی آزمائشی سروس کا آغاز


ڈرائیوروں کی تربیت کے لئے ملتان میں میٹرو کی آزمائشی سروس کا آغاز

لاہور، پنڈی اور اسلام آباد کے بعد ملتان میں بھی میٹرو بس سروس شروع ہو گئی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے اور اہم ترین شہر ملتان میں میٹرو بس منصوبے پر ایک سال سے زائد عرصے سے تعمیراتی کام جاری تھا۔

تفصیلات کے مطابق، ملتان میٹرو بس منصوبے پر ساڑھے 28 ارب روپے کی لاگت آئی ہے۔

مذکورہ منصوبے میں 18 کلومیٹر لمبے میٹرو ٹریک پر 21 اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ ملتان میٹرو بس منصوبے کے لئے 260 کنال سے زائد زمین حاصل کی گئی جس کے 19 سو مالکان کو 3 ارب روپے سے زائد رقم ادا کر دی گئی ہے جبکہ ایک محتاط اندازے کے مطابق، 2 سو سے زائد افراد مختلف عدالتوں میں اپنی ملکیت کے ثبوت کے حصول کے لئے چکر لگا رہے ہیں اور سخت ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔

خیال رہے کہ میٹرو بس منصوبہ ایک نجی بس سروس کمپنی کو دے دیا گیا ہے جس نے نومبر سے سروس کے باقاعدہ آغاز کی تیاری کرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق، نجی کمپنی نے بیرون ملک سے 35 نئی بسیں منگوالی ہیں۔

شہریوں نے ملتان میں شروع ہونے والے اس نئے منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہوئےکہا ہے کہ میٹرو بس سروس کے آغاز سے انہیں سستی اور محفوظ سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

یاد رہے کہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بھی میٹرو منصوبے پر کام جاری ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری