اسلامی سربراہی تنظیم کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کی مذمت


اسلامی سربراہی تنظیم کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کی مذمت

دنیا بھر کے مسلمانوں کے مفادات کے لئے کام کرنے والی او آئی سی کئی دہائیوں سے کشمیری مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کی زبانی مذمت پر ہی اکتفا کئے ہوئے ہے۔

خبررساں ادارے کے مطابق، ترکی کے شہر انقرہ میں اسلامی سربراہی تنظیم کے پارلیمانی فورم میں مسئلہ کشمیر زیر بحث آیا جس میں کشمیری شہریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دئے جانے کا مطالبہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے او آئی سی فورم میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں  جاری بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے معاملے کو اجاگر کیا۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت کشمیر کے نہتے شہریوں پر دن رات ظلم توڑ رہا ہے اور بے گناہ کشمیریوں کو چھرے والی بندوق سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے شکوہ کیا کہ عالمی برادری نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی حتیٰ مذمت تک کرنا گوارا نہیں کیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستانی پارلیمانی وفد نے اس اجلاس میں دستاویزی فلم میں بھارتی گولیوں کا نشانہ بننے والی خواتین اور بچوں کو دکھایا ہے۔

1969 میں وجود میں آنے والی اسلامی سربراہی تنظیم کئی دہائیوں سے بڑی پابندی سے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کی مذمت کر رہی ہے لیکن بدقسمتی سے تاحال اس تنظیم کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر کوئی عملی قدم دیکھنے میں نہیں آیا ہے۔

فلسطین کا معاملہ بھی سالوں سے کشمیر کے مسئلے کی طرح اسلامی سربراہی تنظیم کی بیان بازی کے بجائے کسی عملی قدم کا منتظر ہے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری