پاکستان میں بھارتی نشریات پر مکمل پابندی


پاکستان میں بھارتی نشریات پر مکمل پابندی

پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ٹی وی اور ایف ایم ریڈیوز پر ہر قسم کے بھارتی مواد نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے سوشل میڈیا پر اطلاع دی گئی ہے کہ چیرمین پیمرا ابصار عالم کی زیر صدارت پیمرا کا 120 واں اجلاس ہوا۔

اجلاس میں اتھارٹی نے سیٹلائٹ ٹی وی چینلز اور ریڈیو پر بھارتی مواد نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد کردی جس کا اطلاق کل (21 اکتوبر) 3 بجے سے ہوگا۔

پیمرا چیئرمین ابصار عالم کا کہنا تھا کہ ہندوستان میں اُن فلموں پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے جن میں پاکستانی فنکار کام کر رہے ہیں، لہٰذا ہمیں بھی یہی کرنا چاہیے۔

اجلاس میں طے کی گیا کہ اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے ٹی وی چینلز اور ایف ایم ریڈیوز کا لائنسس بنا شو کاز نوٹس جاری کیے معطل کردیا جائے گا۔

مذکورہ اجلاس میں سیکریٹری داخلہ عارف احمد خان، سیکریٹری انفارمشین صبا محسن، چیرمین ایف بی آر ناصر محمد خان، چیرمین پی ٹی اے اسماعیل شاہ سمیت اتھارٹی کے دیگر ممبران شریک تھے۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ پیمرا نے پاکستانی چینلز پر بھارتی ڈراموں کی نشریاتی اوقات میں کٹوتی کر کے اسے 6 فیصد سے کم سطح پر لے آئے تھے۔

تاہم اب 21 اکتوبر سے پاکستانی میڈیا سے بھارتی مواد نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پچھلے مہینے پاک بھارت کے درمیان مسلسل بڑھتی ہوئی کشیدگی کے ردعمل میں پاکستانی سینما مالکان نے بھی بھارتی فلموں کی نمائش نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سینما گھروں سے بھارتی پوسٹرز ہٹا دئے تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری