بھارت پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا کرنے کے لئے در بدر/ برطانیہ سے بھی جواب مل گیا


بھارت پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا کرنے کے لئے در بدر/ برطانیہ سے بھی جواب مل گیا

امریکہ کے بعد برطانیہ نے بھی بھارتی انتہا پسندوں کی پاکستان مخالف پٹیشنز مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قابل قدر قربانیاں اور خدمات ہیں اور برطانیہ اس کا اعتراف کرتا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا کرنے کے جنون میں مبتلا بھارت کو در در کی خاک چھاننا پڑ رہی ہے۔

بھارت کبھی تو واشنگٹن سے تہی دست لوٹتا ہے تو کبھی لندن اس کے ارمانوں پر پانی پھیر دیتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، بھارتی انتہا پسندوں نے امریکہ کی طرح برطانیہ میں بھی پاکستان مخالفت نفرت آمیز جذبات بھڑکانے کے لیے مہم شروع کر رکھی ہے جس کا مقصد پاکستان کے خلاف برطانوی پارلیمنٹ میں بحث کروانا مقصود تھا۔

لیکن جس طرح امریکہ میں آن لائن پٹیشن کو مسترد کردیا گیا تھا اسی طرح برطانیہ میں بھی بھارتی نژاد برطانوی شہریوں کے علاوہ کسی قابل ذکر شخص کے دستخط نہیں ہو سکے۔

دوسری جانب، برطانوی وزارت خارجہ اور کامن ویلتھ افیئرز نے اس درخواست کو اس تبصرے کے ساتھ مسترد کردیا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی روکنے کے لیے قابل قدر کوششیں کی ہیں اور پاکستان کی ان قربانیوں کا اعتراف برطانیہ کرتا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل امریکہ میں بھی بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف آن لائن پٹیشن دائر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کو دہشت گردوں کی سرپرستی کرنے والی ریاست قرار دیا جائے۔

امریکہ نے جب بھارت کا یہ بےبنیاد اور بچگانہ مطالبہ مسترد کردیا تو بغلیں جھانکتا ہوا بھارت برطانیہ کی جانب لپکا لیکن وہاں بھی اسے منہ کی کھانی پڑی۔

آج دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کاوشوں، قربانیوں اور کامرانیوں کی پوری دنیا قائل اور معترف ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری