چین کی پاکستان اسٹیل مل خریدنے میں دلچسپی


چین کی پاکستان اسٹیل مل خریدنے میں دلچسپی

پاکستان اسٹیل مل خریدنے کے لئے چین کی سب سے بڑی اسٹیل کمپنی باؤگروپ نے خواہش کا اظہار کیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، چین کی سب سے بڑی اسٹیل کمپنی باؤگروپ نے پاکستان کی سرکاری اسٹیل مل خریدنے کے لئے پاکستان کو خط لکھ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، وفاقی حکومت نے پاکستان اسٹیل مل کی نجکاری کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سلسلے میں چین نے پاکستان اسٹیل مل کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

چین کے باؤگروپ نے اسٹیل مل کی خریداری کے لیے نہ صرف خط لکھ دیا ہے بلکہ اسٹیل مل کی پیداوار بڑھانے کا بھی منصوبہ پیش کیا ہے۔

واضح رہے کہ باؤ گروپ چین کی سب سے بڑی اسٹیل کمپنی ہے۔

ذرائع کے مطابق، سندھ حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث اسٹیل مل کی نجکاری کا عمل بحال کیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت گذشتہ تین سالوں کے دوران پاکستان اسٹیل مل کی نجکاری کی کئی مرتبہ کوشش کرچکی ہے مگر اپوزیشن جماعتوں اور سندھ حکومت کی مخالفت کے باعث نجکاری کا عمل آگے نہیں بڑھ رہا۔

تاہم حکام کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے اسٹیل مل کی نجکاری کا عمل بحال کردیا ہے جسے آئندہ سال جون تک مکمل کرنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا ادارہ پاکستان اسٹیل مل دس جون 2015 سے مکمل بند ہو گیا ہے جس کے ذمے 170 ارب روپے رقم واجب الادا ہے۔

وفاقی سیکرٹری وزارت صنعت و پیداوار خضر حیات گوندل نے تو حال میں ہی یہاں تک بیان دیا ہے کہ اسٹیل مل کی زمین، مل سے زیادہ قیمتی ہے۔

چین کا ایک ڈوبتا جہاز بلکہ  ڈوبا ہوا جہاز خریدنے میں اظہار دلچسپی اس عنصر کو ظاہر کرتا ہے کہ آج بھی اس ادارے میں منافع پیدا کرنے کی پوری پوری صلاحیت موجود ہے جو بدقسمتی سے پاکستان کی نظر سے تو اوجھل ہے پر سرحد پار سے چین نے دیکھ لی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری