سی پیک کے حوالے سے اہم ترین علاقے گوادر میں بدامنی کی کوشش


سی پیک کے حوالے سے اہم ترین علاقے گوادر میں بدامنی کی کوشش

گوادر کے علاقے جیونی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے کوسٹ گارڈز کے دو اہلکار جاں بحق جبکہ دو شہری زخمی ہو گئے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے نہایت اہم ضلع گوادر میں بدامنی کا ایک واقعہ سامنے آیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، گذشتہ شب ضلع گوادر میں موٹرسائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد نے تحصیل جیونی میں کوسٹ گارڈ کے دو اہلکاروں نائیک محمود اور سپاہی اشتیاق پر فائرنگ کر دی جس کے باعث دونوں دم توڑ گئے۔

فائرنگ کی زد میں آکر دو شہری بھی زخمی ہو گئے ہیں جن کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

افسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز اور کوسٹ گارڈ کے اہلکاروں نے  موقعے پر پہنچ کر علاقے کی ناکہ بندی کی۔

تاہم ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ مذکورہ علاقہ پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے نہایت اہم ہے۔

ماہرین کے مطابق، گوادر میں کوسٹ گارڈ کو فائرنگ کا نشانہ بنانے اور علاقے میں بدامنی پھیلانے کے پیچھے ملک دشمن عناصر کے محرکات کے تانے بانے در اصل سی پیک سے ملتے نظر آتے ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو آفتاب سلطان نے کہا تھا کہ سی پیک منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے بھارتی خفیہ ایجنسی (را)، لشکر جھنگوی، تحریک طالبان پاکستان اور افغان خفیہ ایجنسی (این ڈی ایس) سرگرم عمل ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری