حکومت کی مشکلات میں اضافہ / عوامی تحریک کا تحریک انصاف کے دھرنے میں شرکت کا اعلان


حکومت کی مشکلات میں اضافہ / عوامی تحریک کا تحریک انصاف کے دھرنے میں شرکت کا اعلان

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے پاکستان تحریک انصاف کے 2 نومبر کے احتجاج میں بھرپور شرکت کا اعلان کردیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، ملکی سیاست نے ایک اور رخ بدلا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے پاکستان تحریک انصاف کے 2 نومبر کے احتجاج میں بھرپور شرکت کا اعلان کردیا ہے۔

ڈان نیوز نے اطلاع دی ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ڈاکٹر طاہر القادری سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے دو نومبر کو اسلام آباد کے دھرنے میں شرکت کی دعوت دی، جو انھوں نے قبول کرلی۔

طاہر القادری کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف جنگ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کا مشترکہ مقصد ہے اور ان کا عمران خان سے سیاسی اور اخلاقی رشتہ ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کئی مقاصد مشترک ہیں۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے تمام جہموری قوتوں کو ملک میں جمہوریت کے استحکام کیلئے حکومت مخالف تحریک میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی۔
اسی زمرے میں عمران خان نے اسلام آباد کے احتجاجی جلسے کے پیش نظر، عوامی تحریک کے سربراہ کو دھرنے میں شامل ہونے کے لئے عوامی مسلم لیگ کے قائد شیخ رشید احمد، تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری جہانگیر ترین اور صوبائی آرگنائزر چوہدری سرور کو لندن بھیجا تھا۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ ستمبر میں  پاکستان عوامی تحریک نے تحریک انصاف کے ساتھ رائیونڈ میں احتجاجی جلوس کا حصہ بننے سے انکار کر دیا تھا۔

اس سلسلے میں ڈاکٹر طاہر قادری کا موقف تھا کہ اس جلسے میں نقص امن کا اندیشہ ہے لہذا ان کی پارٹی نے رائیونڈ احتجاج میں عمران خان کے ساتھ حصہ نہیں لیا تھا۔

یاد رہے کہ عمران خان نے  پانامہ لیکس کے حوالے سے وزیراعظم کو عاشور محرم تک کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف خود کو احتساب کے لئے عوام کے سامنے پیش کر دیں ورنہ تحریک انصاف اسلام آباد کو بند کر دے گی۔

گذشتہ روز چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان نے اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اداروں سے انصاف نہ ملنے کے بعد تحریک انصاف کے پاس سڑکوں پر نکلنے کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں بچا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری