ایرانی اٹارنی جنرل کا سپریم کورٹ، وزارت قانون اور نیب ہیڈکوارٹر کا دورہ


ایرانی اٹارنی جنرل کا سپریم کورٹ، وزارت قانون اور نیب ہیڈکوارٹر کا دورہ

ایرانی اٹارنی جنرل نے اپنے پاکستان دورے کے دوران سپریم کورٹ، وزارت قانون اور نیب ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور اسلام آباد حکام کے ساتھ دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، اٹارنی جنرل اسلامی جمہوریہ ایران حجۃ الاسلام و المسلمین علامہ محمد جعفر منتظری نے پانچ رکنی وفد کے ہمراہ سپریم کورٹ بلڈنگ اسلام آباد میں اپنے پاکستانی ہم منصب کے دفتر کا دورہ کیا۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نیئر رضوی نے مہمانوں کا سپریم کورٹ گیٹ پر استقبال کیا۔

ایرانی وفد پاکستان بار کونسل کے عہدیداران سے بھی ملا۔

اس موقع پر سپریم کورٹ بار کونسل کے عہدیداران اور مہمان وفد کے درمیان دونوں ممالک کے قوانین پر تبادلہ خیال ہوا۔ وفد نے مختلف کمرہ عدالت کا دورہ کیا اور عدالتی کارروائی دیکھی۔

بعد ازاں وفد نے اسلام آباد میں وزارت قانون کا دورہ بھی کیا۔

قانون، انصاف اور محکمہ موسمیات کے وزیر زاہد حامد نے برادر اسلامی ملک ایران کے اٹارنی جنرل محمد جعفری منتظری کا خیرمقدم کیا۔

اس موقع پر ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست اور وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے قانون و انصاف بیرسٹر ظفر اللہ خان بھی موجود تھے۔

ایرانی اٹارنی جنرل نے کوئٹہ سانحہ پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔

انہوں نے برادر دوست اسلامی ممالک کے مابین بہترین تعلقات پر زور دیا اور دونوں ممالک میں امن و امان کے قیام کے لئے تعاون کو فروغ دینے پر تاکید کی۔

اس موقع پر ایرانی اٹارنی جنرل نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان قیدیوں کے تبادلوں سے متعلق ایک معاہدہ موجود ہے، جو غیرفعال ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان قیدیوں کے تبادلوں کے لئے اس معاہدے کو فعال کیا جائے جس کے لئے دونوں ممالک کے قانونی ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو اس راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کا جائزہ لے۔

وفاقی وزیر قانون نے مہمان اٹارنی جنرل سے اتفاق ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آپسی تعلقات کی بہتری سے ترقی کی نئی راہیں کھل سکتی ہیں۔

دورہ کے دوران ایرانی اٹارنی جنرل نے چیئرمین نیب قمر الزمان چوہدری سے بھی ملاقات کی۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری