روس نے پاکستان میں دہشتگردی ختم کرنے میں تعاون کی پیشکش کر دی


روس نے پاکستان میں دہشتگردی ختم کرنے میں تعاون کی پیشکش کر دی

روسی صدر ولاد میر پیوٹن نے کوئٹہ میں انسانیت سوز حملے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوے پاکستان کو دہشت گردی کے خاتمے کے لئے تعاون کی پیشکش کی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، ایسے موقع پر جب کہ ہر پاکستانی کی آنکھ نم ہے، ملک بھر میں سوگ کی فضا ہے اور لوگ نہایت غمزدہ ہیں، روسی صدر کا تسلی بخش بیان پاکستان کے زخم پر مرہم رکھنے کے مترادف ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، روسی صدر ولاد میر پیوٹن نے کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ کوئٹہ دھماکے کے ذمہ داروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دہشتگرد حملے کی منصوبہ بندی کرنے والوں کو سزا ضرور ملنی چاہیئے۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان سے تعاون بڑھانے کی پیشکش بھی کی۔

خیال رہے کہ روسی صدر نے اس سے پہلے کوئٹہ میں وکلا پر حملے کے بعد بھی پاکستان کو تعاون کی پیشکش کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف روس پاکستان کی مدد کو تیار ہے۔

واضح رہے کہ روس کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ اور امریکہ نے بھی اس المناک واقعے کی مذمت کرتے ہوئے امید کی ہے کہ پاکستان ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہ چھوڑے گا۔

یاد رہے کہ پیر کی شب کالعدم دہشتگرد تنظیم لشکر جھنگوی نے کوئٹہ میں سریاب روڈ پر پولیس ٹریننگ سنٹر کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اب تک 63 اہلکار شہید جبکہ 150 سے زائد زخمی ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری