سنی اتحاد کونسل کا بھی 2 نومبر کے دھرنے میں شرکت کا اعلان


سنی اتحاد کونسل کا بھی 2 نومبر کے دھرنے میں شرکت کا اعلان

پاکستان عوامی تحریک اور مسلم لیگ (ق) کے بعد سنی اتحاد کونسل نے بھی عمران خان کے ساتھ اسلام آباد میں 2 نومبر کو ہونے والے دھرنے میں شرکت کا اعلان کر دیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے اعلان کیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل 2 نومبر کو تمام حکومتی رکاوٹوں کو روندتی ہوئی اسلام آباد کے دھرنے میں بھر پور شرکت کرے گی۔

ذرائع کے مطابق، صاحبزادہ حامد رضا نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت راستے بند کرکے دھرنے کو روک نہیں سکتی۔

انہوں نے تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاریوں اور عمران خان کے گھر کے محاصرے کو حکومت کا غیر جمہوری طرز عمل قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ان کی پارٹی بدعنوان حکمرانوں سے نجات کے لیے آخری حد تک جائے گی۔

سنی اتحاد کونسل نے 2 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے دھرنے میں شرکت کے لیے ملک بھر کے کارکنوں کو وفاقی دارالحکومت پہنچنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

صاحبزادہ حامد رضا نے پیشگوئی کی کہ پرویز رشید کے استعفے کے بعد دیگر حکومتی اہلکاروں کے استعفے بھی آئیں گے۔

چیئرمین سنی اتحاد کونسل  نے تحریک انصاف کا ساتھ دینے کے محکم عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام کشتیاں جلا کر اسلام آباد کا رخ کریں گے۔

انہوں نے حکمرانوں کو خبردار کیا کہ وہ اسلام آباد دھرنے کی راہ میں رکاوٹ ڈال کر ملک کو خانہ جنگی کی آگ میں نہ دھکیلیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری