سرگودھا اور کراچی میں پولیس کی کارروائی متعدد دہشت گرد گرفتار


سرگودھا اور کراچی میں پولیس کی کارروائی متعدد دہشت گرد گرفتار

کراچی اور سرگودھا میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد خطرناک دہشت گردوں کو خودکش جیکٹوں سمیت گرفتار کرلیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے نے روزنامہ جنگ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ سرگودھا میں 4 نہایت خطرناک دہشت گردوں کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ عمر پارک کے قریب واقع ایک مکان میں موجود تھے۔

پولیس نے سرگودھا میں کارروائی کرتے ہوئے داؤد خان، ممتاز خان، دلاورخان اور عبدالکریم نامی دہشت گردوں کو  گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

دوسری طرف کراچی پولیس نے بھی مختلف کارروائیاں کرکے ایک دہشت گرد کو ہلاک اور 33 کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ کورنگی میں دہشت گرد گروہ کے ساتھ مقابلہ ہوا جس میں ایک ملزم ہلاک کردیا گیا جبکہ شاہ فیصل کالونی، گلشن اقبال اور وسطی ضلع کے علاقوں میں پولیس اور رینجرز نے متعدد کارروائیاں کیں جس کے نتیجے میں ایک سیاسی جماعت کے رکن سمیت 33 مشتبہ دہشت گردوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کورنگی کے قریب دہشت گردوں کے ساتھ  ہونے والے مقابلے میں ایک مطلوب شدت پسند کو ہلاک کیا گیا اور اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں حکومت کئی مرتبہ دہشت گردوں کا صفایا کرنے کا دعویٰ کرچکی ہے اس کے  باوجود اس شہر میں دہشت گردوں کا راج نظر آتا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری