سابق صدر جنرل پرویز مشرف کی خواتین کی مجلس پر دہشتگرد حملے کی مذمت


سابق صدر جنرل پرویز مشرف کی خواتین کی مجلس پر دہشتگرد حملے کی مذمت

مجلس عزا پر شرپسند عناصر کی شدید فائرنگ کے نتیجے میں انسانی جانوں کا ضیاع ایک بڑا سانحہ ہے، پرویز مشرف

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ سابق صدر جنرل پرویز مشرف نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے خواتین کی مجلس پر دہشتگرد حملے کو حکومت کی نااہلی قرار دیا ہے۔

کارکنان سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ حکومت نے شہریوں کو شرپسند عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔

انہوں نے نکتہ اٹھایا کہ اگر پولیس اور ایف سی اہلکاروں سے سیاسی کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن کی بجائے امن و امان برقرار رکھنے کا کام لیا جاتا تو شاید یہ سانحہ رونما نہ ہوتا۔

پاکستان کے سابق صدر مملکت اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل پرویز مشرف نے واضح کیا کہ شہریوں کو مذہبی رسومات کی آزادی کی فراہمی اور دوران عبادت ان کی حفاظت کو یقینی بنانا ریاست کا فرض ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بدعنوانی میں ملوث اور داخلی بحرانوں سے دوچار حکومت نے شہریوں کو شرپسند عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔

انہوں نے پولیس کو سیاسی مقاصد اور مفادات کیلئے استعمال کرنے کو ماورائے آئین اقدام قرار دیا۔

انہوں نے غمزدہ خاندانوں کے  ساتھ گہرے رنج  و غم کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے ذمہ داران کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان مسلم لیگ کے قائدین اور کارکنان سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری