اسلام آباد: ہائیکورٹ کی تحریک انصاف کو ڈیموکریسی پارک میں دھرنا دینے کی اجازت


اسلام آباد: ہائیکورٹ کی تحریک انصاف کو ڈیموکریسی پارک میں دھرنا دینے کی اجازت

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنا دھرنا مختص جگہ یعنی ڈیموکریسی اینڈ اسپیچ کارنر پر دے جبکہ ضلعی حکومت کو حکم دیا گیا ہے کہ شہر میں کوئی کنٹینر نہیں لگایا جائے گا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کو مختص جگہ پر دھرنا دینے کی اجازت دے دی ہے۔

عدالت کا کہنا ہے کہ اگر شہریوں کے حقوق متاثر نہ ہوں تو جتنے دن چاہیں دھرنا دیں۔

عمران خان کا دھرنا روکنے کے خلاف تمام 4 درخواستیں نمٹاتے ہوئے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے حکم دیا ہے کہ ڈیموکریسی پارک کے علاوہ کہیں دھرنا نہیں ہوگا جبکہ انتظامیہ یقین دہانی کروائے کہ شہریوں کے حقوق متاثر نہیں ہوں گے۔

یاد رہے کہ 2014 میں سی ڈی اے نے اسلام آباد میں سیاسی سرگرمیوں اور دھرنوں کے لیے ایک جگہ مختص کی تھی، جسے 'ڈیموکریسی پارک اینڈ اسپیچ کارنر' کہا جاتا ہے۔

اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو آج 10 بجے عدالت طلب کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو پی ٹی آئی چیئرمین کو عدالت میں پیش کرنے کے انتطامات کے احکامات جاری کیے تھے۔

تاہم عدالت میں پی ٹی آئی کی جانب سے ان کے وکلاء بابر اعوان اور نعیم بخاری پیش ہوئے۔

بعد ازاں بابر اعوان نے کہا کہ وہ عدالتی فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 27 اکتوبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں ضلعی انتطامیہ کو 2 نومبر کو کنٹینرز لگاکر اور پاکستان تحریک انصاف کو دھرنوں سے شہر بند کرنے سے روک دیا تھا۔

سماعت کے دوران جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیئے تھے کہ کسی کو سڑکیں بند کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، چیف کمشنر یقین دہانی کروائیں کہ کوئی سٹرک بند نہیں ہوگی، کوئی ہسپتال بند نہیں ہوگا، کوئی سکول بند نہیں ہوگا، نہ ہی امتحانات کا شیڈول تبدیل ہوگا اور حکومت کنٹینرز لگا کر سڑکیں بند نہیں کر ے گی۔

خیال رہے کہ عمران خان کے اسلام آباد میں دھرنے کی کال میں صرف 2 روز باقی ہیں اور حکومت اور تحریک انصاف اپنی اپنی جگہ پر پوری تیاری کیے بیٹھیں ہیں۔

ایک جانب حکومت نے اس دھرنے کو ناکام بنانے کے لئے پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ کر کے تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنان کو گرفتار کر لیا ہے تو دوسری جانب عمران خان نے اپنے حامیوں کو ہدایت جاری کی ہیں کہ کسی صورت پولیس کے ہاتھ نہ آئیں اور ہر حال میں اسلام آباد پہنچ کر دھرنے کو کامیاب بنائیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری