صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کی خواتین کی مجلس پر تکفیری حملے کی مذمت


صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کی خواتین کی مجلس پر تکفیری حملے کی مذمت

جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کراچی میں خواتین کی مجلس عزاء پر فائرنگ کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے ایسے واقعات کو ملک و قوم کے خلاف گھناؤنی سازش قرار دیتے ہوئے دشمن کی چال سے باخبر رہنے کی تاکید کی۔

انہوں نے تمام مکاتب فکر کے لوگوں بالخصوص علماء، مشائخ اور دانشوروں سے اپیل کی کہ وہ پر امن رہیں اور اس  کڑے وقت میں اتحاد و اخوت کا مظاہرہ کریں تاکہ دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا جاسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ دشمن ملک میں فرقہ وارانہ آگ بھڑکانے کی سازشیں کر رہا ہے۔

صاحبزادہ ابوالخیر نے نیشنل ایکشن پلان پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ملک میں قیام امن کیلئے پاک فوج نے بے مثال قربانیاں دی ہیں مگر افسوس حکومتی صفوں میں کچھ عناصر ایسے ہیں جو آپریشن ضرب عضب کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔

انہوں نے غمزدہ خاندانوں کے  ساتھ گہرے رنج  و غم کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے ذمہ داران کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں خواتین کی مجلس پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد شہید ہو گئے تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری