مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات و نشریات مقرر


مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات و نشریات مقرر

وزیراعظم محمد نوازشریف نے وزارت داخلہ کی پارلیمانی سیکریٹری مریم اورنگزیب کو وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مقرر کردیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، پرویز رشید کے بعد وزارت اطلاعات و نشریات سے متعلق کئی بڑے بڑے نام سامنے آ رہے تھے لیکن بالآخر تمام افواہوں نے دم توڑ دیا اور مریم اورنگزیب کو وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مقرر کردیا گیا ہے۔

وہ آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گی۔

واضح رہے کہ مریم اورنگزیب مسلم لیگ (ن) کی سرکردہ خاتون رہنما ہیں اور وہ 2013 کے انتخابات میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئیں۔

وزیراعظم نے مریم اورنگ زیب کی تقرری کی منظوری دے دی جو وفاقی وزیر پرویز رشید کی جگہ خدمات سرانجام دیں گی۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات کی حلف برداری کی تقریب آج ایوان صدر میں ہوگی اور ان سے صدر مملکت ممنون حسین حلف لیں گے۔

وزیراعظم کی صاحبزادی، مریم نواز نے مریم اورنگزیب کو وزیر مملکت برائے اطلاعات تعینات ہونے پر بہترین خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد دی ہے۔

یاد رہے کہ  انگریزی اخبار ڈان میں قومی سلامتی سے متعلق صحافی سرل المیڈا کی خبر شائع ہونے کے بعد سابق وفاقی وزیراطلاعات و سینیٹر پرویز رشید سے عہدہ واپس لے لیا گیا تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری