اندرونی اختلافات یا بیرونی دباؤ/ عمران خان کا دھرنا دینے کا فیصلہ تبدیل


اندرونی اختلافات یا بیرونی دباؤ/ عمران خان کا دھرنا دینے کا فیصلہ تبدیل

تحریک انصاف نے اسلام آباد میں دھرنا دینے کا فیصلہ تبدیل کر کے کل یوم تشکر منانے کا اعلان کر دیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، عمران خان نے دھرنا دینے کے صرف ایک روز قبل اپنے کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسلام آباد کو بند کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔

چئیرمین تحریک انصاف نے کل 2 نومبر کو دھرنے کی جگہ یوم تشکر منانے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، پاکستان تحریک انصاف نے 2 نومبر کا احتجاج موخر کرتے ہوئے کل یوم تشکر منانے اور پریڈ گراﺅنڈ پر 10 لاکھ لوگوں کو جمع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے وزیراعظم ’تلاشی‘ شروع ہونے کا فیصلہ سن کر بہت خوشی ہوئی ہے اور ہمارے احتجاج کا مقصد بھی وزیراعظم کا احتساب شروع کرنا تھا اس لئے کل کا احتجاج موخر کرتے ہوئے پریڈ گراﺅنڈ میں جشن اور یوم تشکر منائیں گے۔ انتظامیہ بنی گالہ کے باہر لگا غیر قانونی ناکہ ہٹا دے ورنہ ہم زبردستی ہٹوائیں گے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کو دھرنا دینے اور اسلام آباد بند کرنے سے روک دیا تھا۔

تاہم ڈیموکریسی پارک اینڈ سپیچ کارنر پر عدالت کی جانب سے تحریک انصاف کو اس شرط پر دھرنا دینے کی اجازت دی گئی تھی کہ شہریوں کے حقوق کا خیال رکھا جائے گا۔

دوسری جانب، وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی نے اسلام آباد بند کیا تو وہ اس عمل کا حصہ نہیں بنیں گے۔

یاد رہے کہ نواز لیگ کے رہنماؤں نے بھی 2 ٹوک انداز میں فیصلہ سنا دیا تھا کہ کسی بھی صورت میں اسلام آباد کو بند نہیں ہونے دیں گے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری