محرم میں حساس علاقے میں دوسرا بڑا واقعہ/ امام بارگاہ کا ایک اور متولی شہید


محرم میں حساس علاقے میں دوسرا بڑا واقعہ/ امام بارگاہ کا ایک اور متولی شہید

واہ کینٹ، قصر شبیر امام بارگاہ کے متولی تکفیری دہشت گردوں کا نشانہ بن گئے ہیں۔ یاد رہے کہ یہ محرم الحرام کے بابرکت مہینے میں اس حساس علاقے میں دوسرا بڑا واقعہ ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، واہ کینٹ جی ٹی روڈ پر واقع قصر شبیر امام بارگاہ کے متولی رضا حسین کربلائی تکفیری داعشیوں کے ہاتھوں ٹارگٹ کلنگ میں شہید ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، تھانہ واہ کینٹ کے علاقے بستی لالہ رخ میں رضا حسین کو دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار داعشیوں نے فائرنگ کرکے شہید کر دیا ہے۔

گزشتہ شام تقریباً 6:30 بجے رضا حسین مالاکنڈ جی ٹی روڈ پر جلوس کے اختتام پر اپنے گھر کی طرف پیدل جا رہے تھے جب اپنے گھر کے قریب گلی میں داخل ہوئے تو پیچھے سے دو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی جس کی وجہ سے رضا حسین کے سر میں دو گولیاں لگیں اور وہ موقع پر ہی جام شہادت نوش کر گئے۔

پولیس نے نعش کو پوسٹمارٹم کے لیے پاکستان آرڈیننس فیکٹری ہسپتال منتقل کر دیا اور نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

یاد رہے کہ اس افسوناک واقعے سے قبل ٹیکسلا تھانہ واہ کینٹ کی حدود گاؤں بھابڑا حسن کالونی میں حال ہی میں تعمیر ہونے والی امام بارگاہ قائم آل محمد کے متولی سمیت دو افراد کو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے شہید کر دیا تھا۔

انتظامیہ نے اس موقع پر بااثر افراد کو اپنے ساتھ ملا کر احتجاج کو روکا تاہم کسی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

حساس اور پرامن علاقے میں ایسے واقعات کا رونما ہونا ریاستی اداروں کے لئے کسی چیلنج سے کم نہیں۔

پوسٹ مارٹم کے بعد شہید رضا حسین کی میت گزشتہ رات ملتان روانہ کر دیا گیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری