ٹیولپ ایوارڈ 2016؛ ہالینڈ کی جانب سے انسانی حقوق کا ایوارڈ پاکستان کی بیٹی کے نام


ٹیولپ ایوارڈ 2016؛ ہالینڈ کی جانب سے انسانی حقوق کا ایوارڈ پاکستان کی بیٹی کے نام

پاکستان کی ڈیجیٹل حقوق فاؤنڈیشن کی بانی نگہت داد کو ہالینڈ حکومت کی جانب سے انسانی حقوق کے ٹیولپ ایوارڈ 2016 کے لئے نامزد کر لیا گیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، انسانی حقوق ٹیولپ ایوارڈ ہالینڈ کے وزیر خارجہ کی جانب سے انسانی حقوق کا دفاع کرنے والوں کیلئے ایک سالانہ ایوارڈ ہے۔

ہالینڈ حکومت کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوارڈ نگہت داد کو اس ملک کے وزیر خارجہ بریٹ کونڈرز کی جانب سے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر10دسمبر کو دی ہیگ میں دیا جائے گا۔

ٹیولپ ایوارڈ میں کانسی کے مجسمے اور ایک لاکھ یورو کی انعامی رقم شامل ہے۔

نگہت داد پاکستان میں لوگوں کو خاص طور پر خواتین کی انٹرنیٹ تک رسائی میں مشکلات دور کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

نگہت داد پیشے کے لحاظ سے وکیل ہیں، جنہوں نے 2012ء میں ڈیجیٹل رائٹس فاؤنڈیشن قائم کی تھی۔

جس کے بعد سے وہ اب تک ہزاروں پاکستانیوں کو آن لائن ہراساں ہونے سے بچنے اور اپنی حفاظت کرنے کی تعلیم دے چکی ہیں۔

نگہت داد کے ڈیجیٹل رائٹس فاؤنڈیشن نے ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے غیر ملکی اور ریاستی انٹیلی جنس اداروں کے لیے صارفین کی ذاتی معلومات کے حصول کے خلاف بھی آواز بلند کی ہے۔

نگہت داد کو گزشتہ ماہ ٹاپ 10 میں شامل کیا گیا تھا، جس کے بعد انھیں آخری تین امیدواروں میں چنا گیا۔

یاد رہے کہ ڈیجیٹل حقوق کے تحفظ کے لئے سرگرم پاکستانی خاتون نگہت داد کو نیکسٹ جنریشن لیڈرز کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا تھا۔

پاکستان کی بیٹی نگہت داد نے نہ صرف اپنے خاندان اور پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا ہے بلکہ یہ بھی ثابت کر دیا ہے کہ پاکستانی خواتین دنیا کے کسی بھی ملک کی خواتین سے پیچھے نہیں ہیں۔ ذرا سی حوصلہ افزائی اور سرپرستی ہی ان کے لئے کافی ہے۔

بقول شاعر ۔۔۔ ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی ذرخیز ہے ساقی

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری