دہلی کی فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ/ حکومت حیران عوام پریشان


دہلی کی فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ/ حکومت حیران عوام پریشان

بھارتی دارالحکومت دہلی میں فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافے کے بعد سرکاری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، بھارتی دارالحکومت دہلی کی فضائی آلودگی میں اس قدر اضافہ ہو چکا ہے کہ آنکھیں جلنے لگی ہیں اور گلے میں چبھن کا احساس ہوتا ہے۔

اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے ریاست کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے آئندہ تین دنوں کے لیے دہلی کے تمام سکول کو بند رکھنے کا حکم جاری کیا ہے جبکہ اگلے 5 روز تک ہر قسم کے تعمیری کام پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔

اسی طرح 10 دنوں کے لیے دہلی کے جنوب میں واقع بدرپور پاور پلانٹ کو بھی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

حکم نامہ کے مطابق، دارالحکومت میں 10 دنوں تک جنریٹر چلانے پر بھی پابندی رہے گی۔

دہلی میں کوڑے جلانے پر فی الحال مکمل پابندی لگا دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ مصنوعی بارش برسانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ شہر میں آلودگی اس قدر بڑھ چکی ہے کہ ریاست کے وزیر اعلیٰ نے لوگوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔

کجیریوال نے کہا ہے کہ ہمیں یہ اندازہ نہیں تھا کہ آلودگی کی سطح اس خطرناک حد تک بڑھ جائے گی۔

دوسری جانب عوام اس اچانک پیش آنے والی آفت کی وجہ سے سخت مشکل کا شکار ہے۔ لوگوں نے چہرے پر ماسک پہننا شروع کر دیئے ہیں اور ان ماسک کی مانگ میں اچانک اضافے کی وجہ سے 30 روپے والا ماسک ایک ہزار روپے تک میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری