شیعہ برادری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کرے/ ویڈیو


شیعہ برادری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کرے/ ویڈیو

وزیر اعلیٰ سندھ نے شیعہ نمائندہ وفد سمیت سنی اتحاد کونسل کے سربراہ سے ملاقات کے دوران درخواست کی ہے کہ شیعہ برادری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کرے۔

خبررساں ادارے تسنیم کی رپورٹ کے مطابق، کراچی میں شیعہ نمائندہ تنظیموں کے ایک وفد نے سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کے ساتھ مل کر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی اور گذشتہ تین روز سے  شیعہ مسلمانوں کے گھروں پر چھاپوں اور علمائے کرام کی گرفتاریوں پر تحفظات کا اظہار کیا۔

شیعہ نمائندہ وفد میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا احمد اقبال، سید ناصر شیرازی، مولانا مقصود ڈومکی، سید علی حسین نقوی، جعفریہ الائنس کے سربراہ و سابق سینیٹرعلامہ عباس کمیلی، سید شبر رضا، مرکزی تنظیم عزا کے سلمان مجتبیٰ اور شیعہ علماء کونسل  کے مولانا ناظر تقوی شامل تھے۔

شیعہ نمائندہ وفد سے اظہار یکجہتی کے لئے  سنی اتحاد کونسل کے  صاحبزدہ حامد رضا بھی ان کے ہمراہ تھے۔

علامہ مرزا یوسف حسین اور فیصل رضا عابدی کی گرفتاریوں کے بعد پرامن احتجاج پر 25 شیعہ جوانوں کو گرفتار کرلیا گیا تھا جبکہ علامہ احمد اقبال کو ہتھکڑیاں لگاکر عدالت میں پیش کیا گیا۔

اس بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظرمجلس وحدت مسلمین  نے شیعہ جماعتوں کا مشترکہ اجلاس طلب کیا گیا اور مشترکہ لائحہ تیار کرتے ہوئے ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے بعد وفد کی صورت میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کرنے گئے جہاں انہوں نے تحفظات کا کھل کر اظہار کیا۔

وزیرا علیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مظاہروں کے دوران گرفتار ہونے والے تمام مظاہرین کے خلاف درج ایف آئی آر واپس لینے کا حکم جاری کیا، جبکہ مولانا مرزا یوسف حسین کے حوالے سے کہا کہ انہیں عدالت سے ضمانت پر رہا کردیا جائے گا۔

انہوں نے فیصل رضا عابدی کے بارے میں کہا کہ ان پر غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ ہے لہٰذا اگر وہ لائسنس پیش کردیتے ہیں تو انہیں بھی رہا کردیا جائے گا۔

انہوں نے یقین دلایا  کہ اب مزید شیعہ آبادیوں پر چھاپے نہیں مارے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شیعہ علمائے کرام سے تعاون کرنے کی درخواست بھی کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل کی بلاجواز گرفتاری اور انہیں ہتھکڑی لگانے پر معذرت کرلی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری